پنجاب حکومت نے 100 روپے کے موبائل کارڈ پر ٹیکس 42 روپے کر دیا ، نوٹیفکیشن جاری
لاہور ( مانیٹرنگ ڈیسک ) پنجاب حکومت نے موبائل صارفین کو ٹیکس کا نیا جھٹکا دینے کے لیے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے ۔نجی ٹی وی چینل اے آر وائے کے مطابق حکومت پنجاب کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں احکامات دیے گئے ہیں کہ 100 روپے کے موبائل کارڈ لوڈ کرنے کی صورت میں صارف کو 42 روپے ٹیکس ادا کرنا پڑے گا۔اور یہ ٹیکس موبائل انٹرنیٹ استعمال کرنے والوں پر بھی لاگو ہو گا۔
نجی ٹی وی چینل کے ذرائع اس بات کی بھی تصدیق کر رہے ہیں کہ موبائل انٹرنیٹ اور بیلنس کارڈ پر وزیر خزانہ پنجاب کی جانب سے عائد ٹیکس کا نوٹیفکیشن آج شام کو جاری کر دیا ہے ۔اس نئے حکم نامے کے بعد موبائل صارف 100 روپے کا کارڈ لوڈ کرنے کی صورت میں 58 روپے حاصل کر سکے گا جبکہ باقی رقم مختلف اقسام کے ٹیکسوں کی مد میں کاٹ لی جائے گی ۔ عوام کی جانب سے حکومت کے اس اقدام کی شدید مخالفت سامنے آئی ہے اور ان کا کہنا ہے کہ حکومت غریب آدمی سے ٹیکس وصول کرنے کے حربے استعمال کر رہی ہے جبکہ دوسری جانب سرمایہ دار افراد ٹیکس نیٹ سے آزاد ہیں ۔یاد رہے اس سے قبل وزیر خزانہ کی جانب سے یہ اعلان کیا جا چکا ہے کہ ٹیکس عائد نہیں کیا جائے گا لیکن آج یہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے ۔