پلان9 سب سے بڑا سٹارٹ اپ انکو بیٹر پروگرام ہے‘ ڈاکٹر عمر سیف

 لاہور(کامرس رپورٹر)چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ ڈاکٹر عمر سیف نے کہا ہے کہ پلان9 پاکستان کا پہلا اور سب سے بڑا سٹارٹ اپ انکو بیٹر پروگرام ہے جو اب تک نجی سیکٹر میں 66سے زائد نئی کاروباری کمپنیاں تیار کر چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام سے استفادہ کے خواہشمند بے روزگارنوجوانوں کی تعداد کافی زیادہ ہے لیکن ہمارے پاس اتنے وسائل نہیں لہٰذا مقامی و بین الاقوامی پرائیویٹ کمپنیوں کو دعوت دی جاتی ہے کہ ان کے لئے اس شعبے میں پی آئی ٹی بی کے ساتھ سرمایہ کاری کرنے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔وہ گذشتہ روز اپنے دفتر میں نیسلے پاکستان کے مینجنگ ڈائریکٹر مسٹر مگڈی بٹاٹو کے ساتھ منعقدہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ ڈائریکٹر پلان9نبیل قدیر اور نیسلے کی کمیونیکشن ہیڈ مس سمرہ مقبول بھی اس موقع پر موجود تھیں۔ڈاکٹر عمر سیف نے کہا کہ نیسلے زرعی و لائیو سٹاک سیکٹر میں پہلے ہی کام کر رہا ہے جبکہ پی آئی ٹی بی کے پاس پنجاب کے دس لاکھ سے زائد کسانوں کا کارآمد ڈیٹا موجو د ہے۔ اس طرح دونوں ادارے ملکر ان شعبوں میں باہمی دلچسپی کے متعدد منصوبے شروع کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی ٹی بی اس حوالے سے مکمل معاونت فراہم کرے گا۔ مسٹر مگڈی نے کہا کہ ان کا ادارہ پاکستان میں انٹر پریونرشپ کے حوالے سے منصوبے شروع کرنے میں سنجیدہ ہے اور پی آئی ٹی بی اس کے لئے ایک کارآمدپارٹنر ثابت ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے پلان 9اورپلانXکے طلبا وطالبات سے ملکر بہت خوشی ہوئی ہے ۔  مجھے امید ہے کہ یہاں سے تربیت حاصل کرنے کے بعد یہ افراد پاکستان کی صنعت و تجارت اور معیشت میں اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے یہاں آکر کافی نئی چیزیں دیکھی ہیں جو پاکستان میں کسی اور جگہ دیکھنے کو نہیں ملیں۔ درحقیقت ٹیکنالوجی کا اس سے بہتر استعمال نہیں ہو سکتا کہ پاکستان کے بے روزگار نوجوانوں کو اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے میں مدد دی جائے اور ساتھ ہی انہیں پاکستانی معیشت کو مستحکم کرنے کے لئے تیار کیا جائے۔