نجی سکولوں سے پارٹنر شپ کے اچھے نتائج برآمد ہو رہے ہیں،قمر الاسلا م راجہ

لاہور (خبر نگار)پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی نجی سکولوں کے ساتھ تعلیمی پارٹنرشپ کے انتہائی مفید نتائج برآمد ہو ئے ہیں ۔ اس پارٹنر شپ کی بدولت 20 لاکھ سے زائد مستحق طالبعلموں کی مفت تعلیم کے ساتھ ساتھ چھوٹے اور درمیانے درجے کے نجی سکولوں کا معیار تعلیم بھی بلند ہواہے ۔یہ بات چیئرمین پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن قمرالاسلام راجہ نے پارٹنر سکولوں کے اجلاس سے خطاب میں کہی ۔ اجلاس میں اٹک ، بھکر ، چکوال ، گجرات ، جہلم ،خوشاب، منڈی بہاؤالدین،میانوالی،راولپنڈی اور سرگودھا کے 620پارٹنر سکولوں کے نمائندوں نے شرکت کی ۔چیئرمین پیف نے اجلاس کو بتایا کہ پارٹنر سکولوں کا مجموعی معیار تعلیم مزیدبہتر بنانے کیلئے اہم اقدامات کئے گئے ہیں۔ اسی طرح تربیت اساتذہ کے ذریعے کوالٹی ایجوکیشن کو یقینی بنایا گیا ہے ۔

نہوں نے بتایا کہ خصوصی بچوں کے لیے انضمامی تعلیم کا پائلٹ پروجیکٹ لا ہور ،ملتان،وہاڑی ،چکوال،راولپنڈی،جہلم اوراٹک میں شروع کر دیا گیا ہے۔

اس منصوبوں کی بدولت خصوصی بچوں کو تعلیم کے ذریعے بحال کرنے میں مدد ملے گی ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ چولستان کے صحرائی علاقوں میں آباد خانہ بدوش قبیلوں کے بچوں کی تعلیم کے لئے 10موبائل سکولوں کا منفرد منصوبہ لانچ کیا گیا ہے ۔ دوسری جانب چولستان کے 76پارٹنر سکولوں کے 6500سے زائد طالبعلموں کی تعلیمی معاونت کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ایم ڈی پیف طارق محمود نے اپنے خطاب میں بتایا کہ رواں مالی سال کے دوران فروغ تعلیم پر 12ارب روپے خرچ کئے جارہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پارٹنر سکولوں کے معیار مزید بہتر کرنے کی غرض سے سکول لیڈر شپ پروگرام اور ٹیچر ڈویلپمنٹ پروگرام شروع کئے گئے ہیں۔ ان تربیتی منصوبوں کا مقصد اساتذہ اور ہیڈ ٹیچرز کی پیشہ و رانہ تربیت کے ذریعے کو الٹی ایجوکیشن کا حصول ہے ۔اس حوالے سے 2016-17 کے دوران مجموعی طور پر 806ٹریننگز پلان کی گئی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹنر سکولوں میں صاف ستھرے ماحول کے قیام کے ساتھ ساتھ تعلیمی سہولتوں اور انفراسٹرکچر کی بہتری پر بھی خصوصی توجہ دی جائے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن بے وسیلہ بچوں کے محٖفوظ مستقبل کی علامت بن چکی ہے۔ اس فاؤنڈیشن کا مشن ہے کہ ہر بچہ سکول جائے،پیف کے پارٹنر سکول پنجاب کے چپے چپے میں تحصیل علم میں مصروف ہیں ، اس طرح لڑکیوں کی تعلیم تک رسائی میں نمایاں اضافہ ہو ا ہے ۔ تقریب سے ڈپٹی ایم ڈی (آپریشن) سمیت مختلف پروگرام ڈائریکٹرز نے بھی خطاب کیا ۔ اس موقع پر سکول پارٹنرز نے اظہار خیال کرتے ہوئے پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی تعلیمی معاونت کے اقدامات کو سراہا۔