بچے پر باپ اور چچا کا تشدد،چائلڈ پروٹیکشن بیورو نے تحویل میں لے لیا


لاہور (لیڈی رپورٹر) چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی ریسکیو ٹیم نے تشدد کا شکار سات سالہ بچے واصف کو تحویل میں لے لیا۔ معصوم بچے کو اس کے والد اور چچا نے شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔ بچے کا والد اس کو سڑک پر کھلونے بیچنے پر مجبور کرتاتھا اور انکار پر تشدد کا نشانہ بناتاتھا۔ تشدد سے بچے کے چہرے، گردن، بازو اورکمر پرچوٹیں آئیں۔ تشدد کا شکاربچے کے بارے میں تھانہ قلعہ گجر سنگھ نے چائلڈ ہیلپ لائن1121 پر اطلاع دی جس پر بیورو کی ریسکیو ٹیم نے بچے کو فوری طور پر تحویل میں لے لیا ۔ بچے کے مطابق کھلونے فروخت نہ کرنے پر والد اور چچا نے مل کر اس پر تشدد کیا۔ چائلڈ پروٹیکشن بیور وکی جانب سے بچے کا میڈیکل کروایا گیا اور بچے پر تشدد پر اس کے والد اور چچا کے خلاف چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی جانب سے ایف آئی آر درج کروا دی گئی جس پر کاروائی کرتے ہوئے پولیس نے بچے کے والد اور چچا کو گرفتار کر لیا۔ ڈائریکٹر جنرل چائلڈ پروٹیکشن بیورو کا کہنا ہے کہ بچے کو چائلڈ پروٹیکشن کورٹ میں پیش کرکے قانونی تحویل حاصل کر لی گئی ہے۔