’’ وزیراعظم قومی صحت پروگرام ‘‘ کا افتتاح ؛ کم آمدنی والے افراد کے مفت علاج کا اعلان

’’ وزیراعظم قومی صحت پروگرام ‘‘ کا افتتاح ؛ کم آمدنی والے افراد کے مفت علاج ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 اسلام آباد(آئی این پی، آ ن لا ئن، ما نیٹر نگ ڈیسک )وزیر اعظم نواز شریف نے قومی صحت پروگرام کا افتتاح کر تے ہو ئے کہا ہے کہ قومی صحت پروگرام کے تحت سات خطرناک بیماریوں کا مفت علاج کیا جائیگا ، پروگرام کے تحت ملک کے کمزور طبقے کو علاج کی مفت سہولتیں میسر ہونگی ، پروگرام کے تحت گردے ، ہیپاٹائٹس ، جگر کی بیماریوں ، کینسر ،دل کے امراض ، شوگر اور جھلسنے و حادثات میں زخمی ہونے والے مریضوں کا علاج کیا جائیگا ، ابتدائی طورپر 12لاکھ خاندانوں کو صحت کارڈ جاری کیے جائینگے ، ایک کارڈ پر پورے خاندان کا علاج ممکن ہو گا ،کارڈ سے ہر خاندان کو سالانہ 3لاکھ روپے تک علاج معالجہ کی سہولت حاصل ہو گی ، جبکہ تین لاکھ سے زیادہ کے اخراجات پر پاکستان بیت المال بھی خاندان کو تعاون کرے گا۔جمعرات کووزیر اعظم نواز شریف نے قومی صحت پروگرام کا افتتاح کیا ، اس موقع پر وفاقی وزراء اسحاق ڈار ، خرم دستگیر ، وزرائے مملکت سائرہ افضل تارڑ ، طارق فضل چوہدری ، انوشہ رحمان ، بلیغ الرحمان اوروزیر اعظم کی صاحبزادی مریم نواز بھی موجود تھیں ۔ وزیر اعظم نواز شریف نے پروگرام کے افتتاح کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے کہا کہ ان کی زندگی کا یہ تجربہ ہے کہ جب کسی غریب خاندان کا کوئی فرد کسی مہلک بیماری کا شکار ہوتا ہے تو جائیدادیں تک بک جاتی ہیں اور خاندان قرضوں میں جکڑے جاتے ہیں لیکن اب کوئی غریب علاج کیلئے جائیداد نہیں بیچے گا کیونکہ اب غریبوں کے علاج کی ذمہ داری حکومت کی ہے۔ وزیراعظم نے سال نو کے آغاز پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے کا اعلان بھی کیا۔ نواز شریف نے کہا کہ یہ میرے لئے بہت خوشی کا باعث ہے کہ میں اپنے اہل وطن کیلئے وزیراعظم نیشنل ہیلتھ پروگرام کا آغاز کر رہا ہوں۔ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہو رہا ہے کہ کم آمدنی والے خاندانوں کو صحت کی معیاری سہولیات بلامعاوضہ فراہم کی جائیں گی۔ اس پروگرام کا بنیادی مقصد کم آمدنی والے افراد کو صحت کی بنیادی سہولتیں فراہم کرنا یقینی بنانا ہے۔ آج اپنے منشور میں عوام سے کئے گئے ایک اور وعدے کوعملی جامعہ پہنا رہے ہیں۔ اس پروگرام کے تحت غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے والے گھرانوں کو ہیلتھ انشورنس کی سہولت فراہم کی جائے گی اور خطرناک امراض کا علاج بلامعاوضہ کرا سکیں گے۔ اس پروگرام کے نفاذ کے بعد کوئی اس لئے علاج سے محروم نہیں رہے گا کہ وہ علاج کرانے کی استطاعت نہیں رکھتا، وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں صحت کا شعبہ صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری میں آتا ہے اور وہ عوام کو صحت کی سہولتیں فراہم کرنے کے ذمہ دار ہیں، میں تو چاہتا ہوں کہ ہر شہر اور قصبے میں جدید ہسپتال موجود ہوں، ادویات دستیاب ہوں جو سب کی دسترس میں ہوں لیکن پاکستان میں اور بھی مسائل ہیں اور وسائل کم ہیں لیکن مشکل حالات کے باوجود نیشنل ہیلتھ سروسز کو غریب افراد کی خاطر اس پروگرام کو بنانے کا ٹاسک دیا اور نیشنل ہیلتھ سروسز نے قابل عمل پروگرام ہمارے سامنے پیش کیا ہے۔ میں اس پروگرام پر سائرہ افضل تارڑ، مریم نواز شریف، سیکرٹری ہیلتھ کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے اس پروگرام میں ذاتی دلچسپی لی۔ اسی طرح سے سٹیٹ لائف انشورنس اور نادرا کو بھی شاباش دیتا ہوں جنہوں نے بہت محنت کے ساتھ اس پروگرام کو ترتیب دیا۔ نواز شریف نے کہاکہ یہ پروگرام 23 ضلعوں میں شروع کیا جائے گا، پہلے مرحلے میں 15 اضلاع میں اس پروگرام پر عملدرآمد شروع ہو گا اور تقریباً 32 لاکھ خاندان صحت کی سہولیات سے مستفید ہوں گے جبکہ بعد میں اس پروگرام کا دائرہ کار مزید وسیع کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہی وہ اصل خدمت ہے جس کی ہم بات کرتے ہیں اور یہ عبادت ہے۔ اس موقع پر انہوں نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے کا اعلان بھی کیا۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے وزیر اعظم صحت پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر تے ہو ئے کہا ہے کہ کمزور افراد کے لیے مختص وظیفہ 30ارب سے بڑھا کر 95ارب کردیا ہے ، فلاحی پروگراموں کو پورے پاکستان میں پھیلانا چاہتے ہیں ، عوام کی خدمت وفاقی حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قومی صحت پروگرام وزیر اعظم کی خواہش تھی ،قومی صحت پروگرام کو پورے ملک میں پھیلایا جائیگا ۔ وزیر مملکت صحت سائرہ افضل تارڑ نے اس موقع پر کہا ہے کہ وزیر اعظم صحت پروگرام پاکستان کی تاریخ میں صحت عامہ کا سب سے بڑا منصوبہ ہے ، پاکستان میں 50افراد بیماری کی وجہ سے غربت کا شکار ہیں ، کارڈ کے ذریعے معمولی بیماریوں کے لیے 50ہزار روپے رکھے گئے ہیں ، کارڈ کے ذریعے مہلک امراض کے علاج کے لیے 3لاکھ روپے مختص کیے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پروگرام میں شفافیت اور میرٹ کو مد نظر رکھا گیا ہے ،وفاقی حکومت نے رکاوٹوں کے باوجود ایک سال میں پروگرام کا آغاز کر دیا ،صحت کے پروگرام کا اجراء عوام سے کیے گئے ایک اور وعدے کی تکمیل ہے ، وزیر مملکت برائے صحت سائرہ افضل تارڑ نے وزیر اعظم کو صحت پروگرام پر بریفنگ میں بتایا کہ کارڈ ہولڈر خاندان سرکاری و نجی ہسپتال سے علاج کرا سکیں گے ، کارڈ سے ہر خاندان کو سالانہ 3لاکھ روپے تک علاج معالجہ کی سہولت حاصل ہو گی ، علاج معالجے کی سہولیات سے متعلق معلومات کے لیے ہیلپ لائن پر مفت کال کی جا سکتی ہے ، اسلام آباد میں صحت کارڈ کی تقسیم کے لیے 13سینٹر قائم کیے گئے ہیں ۔ پروگرام کے تحت ملک کے کمزور طبقے کو علاج کی مفت سہولتیں میسر ہوں گی ، سات خطر ناک بیماریوں کا مفت علاج معالجہ پروگرام کا حصہ ہے ، قومی صحت پروگرام کے تحت دل کے امراض اور شوگر کا علاج فراہم کیا جائے گا، جلنے اور حادثات میں زخمی ہونے پر بھی مفت علاج کیاجائے گا ، گردے ہیپا ٹائٹس ، جگر کی بیماریوں اور کینسر کا علاج مفت ہو گا ، پہلے مرحلے میں ملک کے 15اضلاع میں پروگرام شروع کیاجائے گا ، ابتدائی طورپر 12لاکھ خاندانوں کو صحت کارڈ جاری کیے جائیں گے ، پاکستان صحت کارڈ کے ذریعے پورے خاندان کا علاج ممکن ہو گا، کارڈ ہولڈر خاندان سرکاری و نجی ہسپتال سے علاج کرا سکیں گے ، 3لاکھ سے زیادہ کے اخراجات میں پاکستان بیت المال تعاون کرے گا ، علاج معالجے سے متعلق معلومات کے لیے ہیلپ لائن پر مفت کال کی جا سکتی ہے ۔

مزید :

صفحہ اول -