مادرِ ملتؒ نے جمہوریت کیلئے ناقابلِ فراموش خدمات سرانجام دیں،قمرزیدی

مادرِ ملتؒ نے جمہوریت کیلئے ناقابلِ فراموش خدمات سرانجام دیں،قمرزیدی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد(جنرل رپورٹر) تحریک نفاذِ فقہ جعفریہ پاکستان کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات علامہ سیدقمرحیدرزیدی نے کہا ہے کہ مادرِ ملتؒ نے شریکۃ الجناح ہوکر جمہوریت کی بحالی اور آمریت کی پامالی کیلئے ناقابلِ فراموش خدمات سرانجام دیں جو سنہری حروف سے لکھنے کے قابل ہیں۔یہ بات انہوں نے منگل کو محترمہ فاطمہ جناح کے یوم پیدائش کے سلسلہ میں باب العلم اکیڈمی کے زیراہتمام’’ مادرملت کانفرنس‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔سیدقمرزیدی نے باورکرایا کہ مادرِ ملتؒ نے نہ صرف سفر و حضر میں قائد اعظم ؒ کا ساتھ دیا بلکہ پاکستان کی تعمیرو تشکیل میں جس عزت و حرمت کے ساتھ عملی جدوجہد کی وہ دخترانِ پاکستان کیلئے نمونہ عمل ہے۔انہوں نے کہا کہ زندہ قومیں اپنے مشاہیر اور اکابر کو یاد رکھتی ہیں اس مقصد کیلئے انکے اصولوں کو یاد رکھنا ضروری ہوتا ہے جن پر ثابت قدم رہ کر وہ کامیابی سے ہمکنار ہوئے۔انہوں نے کہاکہ اس وقت نہ صرف عالم اسلام بلکہ وطن عزیز پاکستان کو دہشت گردی کے ظلم عظیم کا سامنا ہے اور مسئلہ سنگین صورت اختیار کرچکا ہے لہذا پاکستان کی عزت و حرمت اور بقاء و سلامتی کیلئے اس کی سنگینی کا ادراک کرنے نیشنل ایکشن پلان کے تمام شقوں پرعملدرآمدضروری ہے ۔ سیدقمرزیدی نے منگل کو ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ کی پرزورمذمت کرتے ہوئے کہاکہ دہشت گردی کی مذموم کاروائیاں کالعدم گروپوں کودی گئی کھلی چھٹی اورڈھیل کانتیجہ ہے جنہیں ہرصورت میں آہنی شکنجے میں جکڑاناہوگا۔انہوں نے کہا کہ جن مقاصد کیلئے محترمہ فاطمہ ؒ جناح اور قائد اعظم ؒ نے تمام مکاتب کو ساتھ لے کر انہیں سرفرازی و سربلندی سے ہمکنار کرنے کیلئے پاکستان بنایا تھا انکی تکمیل کیلئے ان دونوں شخصیات کے اصولوں کی عملی پیروی وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔سیدقمرزیدی نے واضح کیا کہ اسلام میں معیارِ فضیلت و برتری تقویٰ و پرہیزگاری ہے ،عرب و عجم ،سیاہ و سفید اور مرد و زن میں سے خدا کے نزدیک پسندیدہ ترین وہ ہے جس کے قول و فعل میں مطابقت اور اسکی سیرت و کردار پاکیزہ ہو،اسی بناء پر اسلام نے خواتین کو وہ اہم ترین مقام دیا ہے جو دنیا کے کسی دین و مذہب میں نہیں۔انہوں نے کہا کہ عورت کو انسان ساز ہونے کا اعزاز حاصل ہے اور بحیثیت بہن ،بیٹی،زوجہ اورماں اسکی توقیر و تکریم واضح اور مسلم ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس کا نظریہ اساسی اسلام ہے جسکی بنیاد کلمہ توحید ہے جبکہ بنائے لا الہ الاللہ حسین ؑ ہیں ۔قمرزیدی نے کہا کہ امام عالی مقام ؑ نے دین و شریعت کو جانوں کے نذرانے پیش کرکے بچایا اور انکی بہن حضرت زینب ؑ نے شریکۃ الحسین ؑ بن کر اور قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرکے ثابت کیا کہ حسینیت ہی دین و شریعت ہے۔انہوں نے یہ بات زوردیکر کہی کہ قائد اعظم ؒ اور فاطمہ ؒ جناح کی تشکیلِ پاکستان کیلئے جدوجہد کا منبع و سرچشمہ کربلا کی منزلِ صبرو رضا کے عظیم بہن بھائی حسین ؑ و زینب ؑ تھے لہذا پاکستان کی بقاء اور استحکام کیلئے جادہ حسینیت پر گامزن ہونا ضروری ہے اسی صورت میں ہم یزیدی استعمار کی سازشوں سے نبردآزما ہوسکتے ہیں اور ظلم و بربریت اوردہشت گردی کا قلع قمع کرسکتے ہیں۔کانفرنس سے ٹی این ایف جے پولیٹکل سیل کے چیئرمین ذوالفقارعلی راجہ ،سیدبوعلی مہدی ، پروفیسرغلام عباس حیدری ،بیرسٹرعلی سبنرواری اوردیگرمقررین نے خطاب کیا۔