الیکشن کمیشن ارکان کی تقرری کا معاملہ،وزیراعظم کاخط چیئرمین سینیٹ کو موصول،کل سپیکر سے ملاقات کریں گے
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)الیکشن کمیشن کے ارکان کی تقرری کے معاملے پر وزیراعظم عمران خان کا خط چیئرمین سینٹ کو موصول ہو گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ارکان کی تقرری کیلئے وزیراعظم عمران خان کاخط چیئرمین سینٹ کو موصول ہو گیا، جس میں وزیراعظم نے الیکشن کمیشن ممبران کیلئے 3،3 نام تجویز کردیئے ہیں،وزیراعظم کی جانب سے سندھ کیلئے جسٹس (ر)صادق بھٹی، جسٹس (ر)نورالحق قریشی اور عبدالجبار قریشی کے نام تجویزکئے گئے ہیں جبکہ بلوچستان کیلئے ڈاکٹر فیض محمد کاکڑ، میر نوید جان بلوچ اور امان اللہ بلوچ کے نام بھیجے گئے ہیں ۔
چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی کل سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات کریں گے،ملاقات میں وزیراعظم عمران خان کے خط پر غور کیا جائےگا، اس کے علاوہ آئندہ کے لائحہ عمل اور اجلاس بلانے پر بات چیت کی جائے گی۔