کویت میں رامائن اور مہابھارت کے عربی ترجمے چھاپ دیئے گئے

کویت میں رامائن اور مہابھارت کے عربی ترجمے چھاپ دیئے گئے
کویت میں رامائن اور مہابھارت کے عربی ترجمے چھاپ دیئے گئے
سورس: Facebook

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کویت سٹی (ڈیلی پاکستان آن لائن) ہندوؤں کی رزمیہ کہانیوں کی دو  کتابوں کا عربی ترجمہ کردیا گیا۔ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے عبداللہ البرون اور عبد اللطیف النصف سے ملاقات کی، جو بھارت کی  مشہور رزمیہ کہانیوں  رامائن اور مہابھارت کے عربی ترجمے کے پیچھے اہم شخصیات ہیں۔

کتاب کے ناشر عبد اللطیف النصف نے خبر رساں ایجنسی اے این آئی کو بتایا "میں بہت خوش ہوں، یہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔ مودی صاحب بھی اس پر بہت خوش ہیں۔ یہ کتابیں بہت اہم ہیں۔ انہوں نے  دونوں کتابوں پر دستخط کیے۔" انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے پوچھا کہ ترجمے میں کتنے سال لگے، جس پر انہوں نے جواب دیا کہ اس کام میں 2سال اور8 ماہ لگے۔

وزیر اعظم مودی نے پہلے ہی اپنے ریڈیو پروگرام "من کی بات" میں ان کے کام کو اجاگر کیا تھا اور ثقافتی سفارت کاری کی اہمیت کو بین الاقوامی تعلقات مضبوط کرنے میں واضح کیا تھا۔ عبد اللطیف النصف اور عبداللہ البرون نے دنیا بھر سے 30 سے زیادہ کتابوں اور رزمیہ کہانیوں کو عربی میں ترجمہ کیا ہے۔

عبداللہ البرون  ان  دونوں رزمیہ کہانیوں کے مترجم ہیں جب کہ  رامائن اور مہابھارت کے عربی ترجمے  معروف کویتی ناشر عبد اللطیف النصف نے شائع کیے۔

بھارتی وزیر اعظم مودی کویت کے  2 روزہ دورے پر پہنچے ہیں، جہاں وہ کئی اہم ملاقاتیں کریں گے، جن میں بھارتی کمیونٹی سے خطاب بھی شامل ہے۔ یہ کسی بھارتی وزیر اعظم کا 43 سال بعد کویت کا پہلا دورہ ہے۔ یہ دورہ کویت کے امیر، شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح کی دعوت پر کیا جا رہا ہے۔ دورے کے دوران وہ  بھارتی  لیبر  کیمپ کا دورہ کریں گے، وہ گلف کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب میں شرکت بھی کریں گے۔

مزید :

عرب دنیا -