ریاض پیرزادہ نے سندس فاؤنڈیشن اسلام آباد میں نئی سہولیات کا افتتاح کر دیا

ریاض پیرزادہ نے سندس فاؤنڈیشن اسلام آباد میں نئی سہولیات کا افتتاح کر دیا
ریاض پیرزادہ نے سندس فاؤنڈیشن اسلام آباد میں نئی سہولیات کا افتتاح کر دیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (ویب ڈیسک)   وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس، میاں ریاض حسین پیرزادہ نے سُندس فاؤنڈیشن اسلام آباد سینٹر میں نئی سہولیات کا افتتاح کیا جن میں مریضوں کی سہولت کے لیے الیکٹرک کارٹ،بچوں کے لیے ایک کلاس روم اور ایکٹیویٹی روم شامل ہیں، یہ پہلی بار ہے کہ کسی سینٹر میں تھیلیسیمیا کے بچوں کے لیے رسمی تعلیم کا بندوبست کیا گیا ہے۔
تقریب میں سُندس فاؤنڈیشن کے صدر  یاسین خان، ڈائریکٹر اور معروف اداکار خالد عباس ڈار، اور ایئر وائس مارشل (ریٹائرڈ) آفتاب حسین، ڈائریکٹر سُندس فاؤنڈیشن اسلام آباد نے شرکت کی۔   آفتاب حسین نے وفاقی وزیر کو خوش آمدید کہا اور سینٹر کی خدمات کے بارے میں آگاہ کیا۔
اس موقع پر  ریاض حسین پیرزادہ نے میڈیا سےگفتگو میں کہا کہ میں سُندس فاؤنڈیشن کا تہہ دل سے مشکور ہوں کہ انہوں نے مجھے اسلام آباد کے اس سینٹر کے دورے کا موقع فراہم کیا تاکہ میں یہاں تھیلیسیمیا کے بچوں سے مل سکوں اور ان کے علاج  و  سہولیات کے بارے میں جان سکوں۔"
انہوں نے سُندس فاؤنڈیشن کی انتظامیہ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا، " مجھے یہ دیکھ کر خوشی ہو رہی ہے کہ فاؤنڈیشن کی سینئر مینجمنٹ بڑی خوش اسلوبی سے اپنی ذمہ داریاں نبھا رہی ہے، تھیلیسیمیا کے بارے آگاہی بہت ضروری ہے تاکہ شادی سے پہلے ٹیسٹ کروایا جا سکے ۔
میاں ریاض حسین پیرزادہ نے تعلیمی اداروں، تجارتی تنظیموں اور مخیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ سُندس فاؤنڈیشن کا ساتھ دیں اور تھیلیسیمیا اور ہیموفیلیا کے علاج اور تدارک میں مدد کریں۔
سُندس فاؤنڈیشن کے صدر یاسین خان نے تقریب میں شرکت کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا اور فاؤنڈیشن کی خدمات کو مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔سُندس فاؤنڈیشن اسلام آباد سینٹر کی نئی سہولیات اب مریضوں کی خدمت کے لیے دستیاب ہیں، جو علاج اور بحالی کے لیے جامع سہولیات فراہم کررہا ہے۔