پاکستان کرکٹ ٹیم تیسرے ٹیسٹ کیلئے فیورٹ ہے، عبدالقادر

پاکستان کرکٹ ٹیم تیسرے ٹیسٹ کیلئے فیورٹ ہے، عبدالقادر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(اے پی پی) پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالقادر نے کہا ہے کہ پاکستان تیسرے ٹیسٹ کیلئے فیورٹ ہے، لیگ سپنر یاسر شاہ جیت میں اہم کردار ادا کریں گے۔ گزشتہ روز اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یو اے ای کی کنڈیشنز انگلش ٹیم کیلئے سازگار نہیں ہیں، گرم موسم کی وجہ سے اس کے کھلاڑیوں کو مشکلات کا سامنا ہے اور اسی وجہ سے پاکستان نے اس سے قبل بھی انگلینڈ کو وائٹ واش کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ تیسرے ٹیسٹ کیلئے پاکستان فیورٹ ہے، یاسر شاہ بھرپور فارم میں ہیں اور وہ جیت میں اہم کردار ادا کریں گے۔ عبدالقادر نے کہا کہ انگلینڈ کو تیسرے ٹیسٹ میں شکست دے کر پاکستان آئی سی سی رینکنگ میں دوسری پوزیشن حاصل کر سکتا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مصباح الحق نے ون ڈے سے بھی قبل از وقت ریٹائرمنٹ لے لی، وہ ٹیم میں سب سے فٹ کھلاڑی ہیں اور عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔
اس لئے انہیں اپنے فیصلے پر غور کرنا چاہئے۔ واضح رہے کہ پاکستان کو انگلینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا اور آخری ٹیسٹ آج اتوار سے شروع ہوگا۔