زائچہ گھر۔۔آپ کے مسائل کامخفی علوم سے علاج

زائچہ گھر۔۔آپ کے مسائل کامخفی علوم سے علاج
زائچہ گھر۔۔آپ کے مسائل کامخفی علوم سے علاج

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

بیٹی کی شادی میں رکاوٹ
عائشہ سرور، مظفر آباد
سوال: میں اپنی بیٹی کے بارے میں معلوم کرنا چاہتی ہوں۔ اس کی عمر 26 سال ہے، اس کے لئے رشتہ آتا ہے مگر بات نہیں بنتی۔ بہت پریشان رہتی ہوں، طبیعت بھی بہت خراب رہتی ہے۔ مجھے معلوم کرنا ہے کہ یہ کہیں منگلیش تو نہیں۔ یہ پڑھی لکھی ہے، خوبصورت ہے پھر بھی شادی میں دیر کیوں ہو رہی ہے؟
جواب: زائچوں کی روشنی میں لگائے گئے حساب کے مطابق آپ کی بیٹی کے زائچہ میں شادی اور ازدواجی زندگی میں مشکلات نظر آرہی ہیں۔ ان کے زائچہ میں منگل یوگ بن رہا ہے جس کی وجہ سے شادی اور ازدواجی زندگی میں مشکلات ہیں۔ اول تو ان کا رشتہ بہت مشکل سے طے ہو گا، اگر ہو گیا تو بھی اس میں اختلافات اور پریشان آسکتی ہے۔ نحوست مریخ ازدواجی حوالے سے زندگی میں کبھی بھی مکمل خوشی آنے نہیں دیتی۔ اکثر دیکھا گیا ہے کہ جہاں بھی معاملہ صحیح ہونے کو آتا ہے وہاں کہیں نہ کہیں بلاوجہ کی مشکل، اختلاف، پریشانی آہی جاتی ہے اور شادی، منگنی یا شراکتی معاملات میں مشکلات ہو جاتی ہیں۔ کلامِ الٰہی اور روحانی تدبیر سے حالات میں بہتری لائی جا سکتی ہے۔


ہاتھ اور پیر کا مسئلہ
نعیم مرتضیٰ، وہاڑی
سوال: میرے ہاتھ اور پاؤں پھٹ گئے ہیں، جب سے ہوش سنبھالا ہے۔ میرے اور میری بڑی بہن کے ہاتھ پاؤں کے نچلے حصے کا یہی حال ہے۔ ہر طرح کی ادویات استعمال کی ہیں مگر فرق نہیں پڑا بلکہ زیادہ خراب ہو رہی ہیں۔ میری عمر 32 سال ہے اور بہن کی عمر 33 سال ہے۔ مجھے بتائیں کہ اس موذی مرض سے نجات کیسے ملے گی۔ جس لڑکی کو پسند کرتا ہوں، کیا اس سے شادی ہو جائے گی۔
جواب: زائچوں کی روشنی میں لگائے گئے حساب کے مطابق آپ کے زائچے میں جلدی امراض واضح نظر آرہے ہیں۔ خانہ صحت نحس نظرات کا شکار ہے، مختلف ادویات کے استعمال سے جلد میں ری ایکشن ہو جاتا ہے جس کی وجہ سے دوا اثر انداز نہیں ہوتی۔ آپ ادویات کی بجائے حفاظتی تدبیر اور پرہیز پر زیادہ ارتکاز کریں کیونکہ یہ معاملہ دائمی نظر آرہا ہے۔ اکثر دیکھا گیا ہے کہ دائمی یا موروثی بیماریاں مسلسل علاج کرنے سے بھی مکمل طور پر ختم نہیں ہوتیں کیونکہ ان میں مسائل پیدا ہو چکے ہوتے ہیں۔ بعض حالتوں میں ادویات کے زیادہ استعمال سے مرض اور بگڑ جاتا ہے یا دوسرے مسائل پیدا ہو جاتے ہیں۔ ایسی حالت میں صاحب زائچہ کو اپنا طرزِ زندگی دوسرے لوگوں کی نسبت تبدیل کرنی پڑتی ہے۔ آپ میڈیکل علاج کے ساتھ ساتھ روحانی علاج بھی کرائیں۔ روحانی علاج کے ساتھ حکمت و تدبیر بھی اختیار کریں مثلاً ایسی خوراک استعمال نہ کریں جو کہ آپ کے خون میں تیزابیت یا انتشاری کیفیت پیدا نہ کرے، سورہ بروج پانی پر دم کر کے دن رات استعمال کریں۔ پسند کی شادی میں مشکلات ہیں۔ اللہ آپ کو شفا دے۔ (آمین)

کیس کب حل ہوگا ؟
محمد اشرف، ملتان
سوال: میں کافی عرصے سے دبئی میں مقیم ہوں لیکن اپنے کام سے مطمئن نہیں ہوں۔ میں اب یو۔ کے جانا چاہتا ہوں، اس سلسلے میں اپنی کزن سے شادی کر لی ہے۔ ابھی تک وہاں جانے کا متحمل نہیں ہو سکا۔ میرے کیس پر قانونی اعتراض بھی لگ چکا ہے۔ مجھے بتائیں کہ کیا میں اپنے مقاصد میں کامیاب ہو سکوں گا؟
جواب: آپ کے سفری معاملات میں مشکلات نظر آرہی ہیں۔ آپ کے نویں گھر کا حاکم حالتِ ضعیف میں ہے، چوتھا اور نواں گھر نحس نظرات کا شکار ہیں۔ مایوس مت ہوں کچھ عرصے تک آپ کو مشتری کی مہا دشا ملے گی تو حالات میں انشاء اللہ بہتری آئے گی۔ سفر میں کامیابی کے لئے فوری طور پر روحانی عمل کرائیں۔ یا علی یا عظیم کا ورد ہر نماز کے بعد 121 مرتبہ کیا کریں، بدھ اور پیر کے روز صدقے دیں۔ انشاء اللہ بہتری ہو گی۔

ع کے نام والے لڑکے سے شادی کرنا چاہتی ہوں 
سدرہ بشیر، ضلع چنیوٹ
سوال: میں ایک لڑکے کو پسند کرتی ہوں، اس کا نام ’’ع‘‘ سے ہے۔ کیا میری شادی اس سے ہو جائے گی؟
جواب: زائچوں کے لحاظ سے آپ کی دلی مراد پوری ہو گی۔ آپ کی شادی آپ کے پسند کے لڑکے سے ہو گی۔ اپنا ارادہ مضبوط رکھیں اور نیت صاف رکھیں۔ اردگرد کی باتوں اور غلط فہمیوں سے بچیں۔ اسی میں آپ کی بہتری ہے۔

ٹرانسپورٹ کا کام کیسا ہے ؟
امجد بھٹی، لالٰہ موسیٰ
سوال: میں ٹرانسپورٹ کا کام کرتا ہوں، اس میں خاص کامیابی رہی ہے، کچھ عرصے سے نقصان ہو رہا ہے، اس کی کیا وجہ ہے؟
جواب: آپ گردش ایام کا شکار ہیں، ہمت و حوصلہ سے حالات کا مقابلہ کریں۔ سال رواں میں حالات میں بہتری آئے گی، بتدریج اضافہ ہو گا۔ ٹرانسپورٹ کا کام آپ کو راس ہے، اس کام میں کامیابی ہو گی۔

پسند کی شادی 
خرم جہانگیر، مظفر گڑھ
سوال: کیا میری شادی پسند کی ہو گی، میں ’’ث‘‘ نامی ایک لڑکی سے پیار کرتا ہوں، ان کے اور ہمارے گھر والوں کی چھوٹی چھوٹی رنجشیں کب ختم ہو گی؟
جواب: زائچوں کی روشنی میں لگائے گئے حساب کے مطابق آپ کے زائچہ میں پسند کی شادی ہونے کے واضح امکانات ہیں۔ البتہ شادی سے پہلے اور شادی کے بعد اختلافات ہو سکتے ہیں جن کو باہمی مشاورت اور روا داری سے حل کیا جا سکتا ہے۔ اختلافات ختم کرنے کے لئے باہمی محبت کو فروغ دیں، آپس میں تحفے تحائف کا تبادلہ کر لیا کریں۔ بے شک اس طریقے سے کدورتیں محبتوں میں تبدیل ہو جاتی ہیں۔

اولاد سے محرومی
رمیضہ شاہ، پشاور
سوال: میری شادی کو تین سال ہو گئے ہیں مگر ابھی تک اولاد نہیں ہوئی۔ مہربانی کر کے زائچوں کی روشنی میں حساب لگا کر بتائیں کہ میرے ہاں اولاد کب ہو گی اور مستقبل کیسا رہے گا؟
جواب: زائچوں کی روشنی میں لگائے گئے حساب کے مطابق آپ کے نصیب میں اولاد ہے، اولاد کے معاملے میں میڈیکل علاج کے ساتھ روحانی علاج بھی کرائیں۔ نقشِ نرینہ بنوا کر پاس رکھیں۔ انشاء اللہ بہتری ہو گی۔

بیٹے کی شادی کا سوال
عطیہ اشرف، بورے والا
سوال: میرے بیٹے کی شادی کب اور کہاں ہو گی؟ شادی شدہ زندگی کیسی گزرے گی؟
جواب: زائچوں کی روشنی میں لگائے گئے حساب کے مطابق شادی اور ازدواجی معاملات میں مشکلات آسکتی ہیں، بہت محتاط ہو کر فیصلہ کریں۔ شادی خاندان سے باہر ہونے کے امکانات ہیں۔ کسی مخصوص رشتہ کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے لئے اس لڑکی کے مکمل کوائف ارسال کریں۔

سکون کہاں سے ملے گا؟
فاطمہ علی، بہاولپور
سوال: میں گزشتہ چند سالوں سے کئی پریشانیوں اور مشکلات سے گھبرا رہی ہوں۔ مجھے بتائیے کہ میری زندگی میں سکون اور اطمینان آئے گا یا نہیں۔ میری ساری زندگی اسی جدوجہد میں گزر جائے گی۔ میں اپنے بچوں اور بچیوں کی ذمہ داریوں سے بخوبی سبکدوش ہو سکوں گی یا نہیں؟ اگر میں اپنی موجودہ ملازمت چھوڑ کر کہیں اور کوشش کروں تو کیا وہ میرے لئے بہتر ہو گا۔ میرے شوہر کے ساتھ معاملات میں بہتری ہو گی یا نہیں؟
جواب: لگائے گئے حساب کے مطابق آپ ساڑھ ستی کا شکار ہیں۔ ساڑھ ستی آپ کے قمری زائچے کے لحاظ سے استخراج کی گئی ہے۔ اسی کی وجہ سے آپ مشکلات اور پریشانیوں کا شکار ہیں۔ ساڑھ ستی کے دور میں انسان عموماً بے چین، پریشان اور منتشر خیالی کا شکار ہو جاتا ہے، طبیعت بے چین، پریشان اور منتشر رہتی ہے اور چڑ چڑا اور غصیلہ ہو جاتا ہے۔ دراصل نحس اکبر زحل زندگی کی توانائیوں کو چوس لیتا ہے اور ہر معاملے میں التوا اور رکاوٹیں پیدا کر دیتا ہے۔ امید میں کامیابی کا راز ہے، آپ موجودہ ملازمت کو جاری رکھیں۔ جب تک کہ مزید بہتری کے مواقع نہ ملیں۔ مزاج میں توازن پیدا کریں اور حالات کا ڈٹ کا مقابلہ کریں۔ ورد خاص آپ کے لئے یا رفع یا سمیع یا کریم یا قادر یا قدیر ہر نماز کے بعد 121 مرتبہ پڑھیں۔

بات نہیں بن پاتی
رخسانہ بھٹی، آزاد کشمیر
سوال: میری شادی کب تک ہو گی، کافی عرصے سے کوشش کر رہے ہیں لیکن کہیں بات نہیں بنتی، شادی میں کوئی رکاوٹ ہے تو مہربانی کر کے اس کا حل بتا دیں۔ شادی کے بعد زندگی کیسی گزرے گی؟
جواب: زائچوں کی روشنی میں لگائے گئے حساب کے مطابق آپ کے زائچے میں منگل یوگ بن رہا ہے، جس کی وجہ سے شادی اور ازدواجی زندگی میں مشکلات نظر آرہی ہیں۔ حالات میں بہتری کے لئے روحانی تدبیر اختیار کریں، نقش مراد بنوا کر پاس رکھیں۔ صدقات دیں۔ انشاء اللہ بہتری ہو گی۔

شوہر کا کام نہیں چلتا
ثناء ظہور، گجرات
سوال: میرے خاوند آئے دن نیا کام کرنے کے بارے میں سوچتے رہتے ہیں۔ وہ ایک کام کو زیادہ دن تک نہیں کرتے،جس کی وجہ سے ہمارے گھریلو حالات ٹھیک نہیں رہتے۔ میرے شوہر کا موجودہ کام چل سکے گا یا نہیں؟
جواب: آپ کے شوہر کے زائچہ کے لحاظ سے نئے کام میں کامیابی کے امکانات ہیں لیکن اس کے لئے انہیں مستقل مزاجی اور محنت سے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ جلد بازی اور ملتون مزاجی سے بچیں گے تو کامیابی ہو گی۔ ٹیکنیکل شعبہ جات سے متعلقہ کام ان کے لئے بہتر ہے۔ 2010ء میں عملی اور مثبت کوشش کرنے سے کامیاب ہو سکتے ہیں۔

ایم بی اے کب تک ہوجائے گا؟
فیاض علی، فیصل آباد
سوال: میرے گھر والے میری شادی (م) سے کرنا چاہتے ہیں، یا میری شادی اس سے ہو جائے گی، ایم۔ بی۔ اے کب تک مکمل ہو گا؟
جواب: مطلوبہ جگہ شادی ہونے کے امکانات ہیں اور انشاء اللہ شادی کامیاب رہے گی، تعلیمی مقاصد کے لحاظ سے کچھ وقتی مشکلات ہیں جن کو حکمت اور روحانی تدابیر سے حل کیا جا سکتا ہے۔ 2020ء میں آپ کا خانہ تعلیم بھی مضبوط ہو رہا نظر آتا ہے۔ لہٰذا تخیل کی دنیا سے نکل کر عملی معاملات زندگی پر توجہ دیں۔ انشاء اللہ بہتری ہو گی۔

بیرون ملک جانے کا طریقہ 
وقاص احمد، اٹک
سوال: کیا میں بیرون ملک جا سکوں گا یا نہیں؟ میری شادی اپنوں میں ہو گی یا غیروں میں، شریکِ حیات کے نام کا پہلا حرف بتا دیں۔
جواب: زائچوں کی روشنی میں لگائے گئے حساب کے مطابق 2019ء میں آپ کو شادی اور منگنی کے مواقع ملیں گے۔ شادی اپنوں میں ہونے کے امکانات ہیں، بیرون ملک جانے کے بھی روشن امکانات ہیں لیکن ان معاملات میں وقتی مشکلات آسکتی ہیں، جن کو مثبت حکمت عملی اور روحانی تدبیر کے ساتھ حل کیا جا سکتا ہے۔ ہماری نیک دُعائیں آپ کے ساتھ ہیں۔
( ایم اے شامی نقشبندی روحانی علوم سمیت علم نجوم ،علم الاعداد، دست شناسی ،علم الجفر کے ماہر ہیں،وہ کئی قومی اخبارات و جرائد میں کالم لکھ کر لوگوں کی رہ نمائی کرتے ہیں۔اگر آپ کو بھی ایسے مسائل کا سامنا ہے تو اپنے کوائف اس پتہ پر ای میل کریں ،کوائف میں اپنا نام،تاریخ پیدائش،وقت پیدائش،شہر کا نام لازمی لکھیں۔جواب اس کالم مِیں باری آنے پر دیا جائیگا۔pakastrologer@gmail.com )