اداروں کی نجکاری کیلئے مذاکراتی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ
لاہور (نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ، مواصلات اور نجکاری عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ جن اداروں کی نجکاری کی جارہی ہے ان میں مارکیٹنگ اور سیلز کی حکمت عملی پر عملدرآمد کیا جائے۔ اداروں کی نجکاری سے رقم کے حصول کے ساتھ ساتھ کامیابی کو بھی مدنظر رکھنا ہوگا۔تفصیل کے مطابق وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ،مواصلات اور نجکاری عبدالعلیم خان کی زیرصدارت نجکاری کمیشن بورڈ کا اجلاس ہوا، جس میں مختلف اداروں کی نجکاری میں پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرنے کہا کہ نجکاری میں مقابلے کی فضا اور کامیابی کے مقصد کو یقینی بنایا جائے۔ اجلاس کے دوران اداروں کی نجکاری کے لیے مذاکراتی کمیٹی تشکیل دینے کا بھی فیصلہ ہوا۔وفاقی وزیر نے پرائیویٹائزیشن کے لیے دئیے گئے اشتہارات کو فائل کا حصہ بنانے کی ہدایت کی اجلاس میں زرعی ترقیاتی بینک سمیت مزید اداروں کی نجکاری پربھی غور کیا گیا۔ اجلاس میں فنانشل ایڈوائزر کی تعیناتی سمیت مختلف امور پر بھی گفتگو کی گئی۔۔ علاوہ ازیں اجلاس میں نجکاری کے بعض تکنیکی معاملات پر غوروخوض کرتے ہوئے ان کے بارے اہم فیصلے بھی کئے گئے۔وفاقی وزیر نے پرائیویٹائزیشن کمیشن بورڈ کے تمام ممبران کو زیادہ سے زیاد متحرک اور بورڈ کی کاروائی میں شرکت کی دعوت دی جس سے اس عمل کو تیز کرنے میں مدد ملے گی۔ پرائیویٹائزیشن کمیشن بورڈ کے اجلاس کو وفاقی سیکرٹری نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پرائیوٹائزیشن کے امور کو مکمل قانونی تحفظ حاصل ہے اور اس لئے تمام امور ضابطے کے مطابق انجام پذیر ہورہے ہیں۔ پرا ئیوٹائزیشن کمیشن بورڈ کے اراکین نے گزشتہ اجلاس کی کاروائی سمیت مختلف فیصلوں کی منظوری دی۔
نجکار ی بورڈ