کوئی بھی مول نہیں ان کی سب دعاؤں کا۔۔۔

کوئی بھی مول نہیں ان کی سب دعاؤں کا۔۔۔
کوئی بھی مول نہیں ان کی سب دعاؤں کا۔۔۔

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

زمانہ فخر کرے تم پہ ایسے کام کرو
جہاں  میں روشن و تابندہ  اپنا نام کرو

زماں مکان میں ماں باپ ہی سبھی کچھ ہیں
انہیں اثاثہ سمجھنے کی سوچ  عام کرو 

جو گھر سے جانے لگو ان سے تم دعائیں لو
جو گھر میں آؤ تو پہلے انہیں سلام کرو

 یہ  حکمِ رب  ہے کہ  آگے نہ اف کہو ان کے
سخن کو ناز ہو تم پر وہ اہتمام کرو

اگرچہ سجدہ کوئی بھی نہیں انہیں جائز
وضو زبان کا کرکے کوئی کلام کرو

جو میکدے میں کبھی جاؤ شوقِ الفت میں 
تو ان کے نام محبت کا ایک جام کرو

یہ تم کو کعبہ و قبلہ سے کوئی کم تو نہیں
سو تم پہ فرض ہے ان کا بھی احترام کرو

اگر کبھی یہ خفا ہو بھی جائیں تم سے تو پھر
نماز پڑھنے سے پہلے تم ان کو رام کرو

جو ہو سکے تو ہر اک سانس  دم بھرو ان کا
جو ہو سکے تو فدا ان پہ  صبح و شام کرو

یہ سودا مفت میں ملتا ہے جانتے تو ہو تم
یہ نقد مال سے بڑھ کر ہے احترام کرو

کوئی بھی مول نہیں ان کی سب دعاؤں کا
یہ تھام لیں گی تمہیں جس طرف بھی گام کرو

وہ بس یہ سمجھیں گے اک چاند مل گیا ان کو
کبھی تو نام کوئی ان کے اپنی شام کرو

تمھارے جسم  کا باعث بنے تھے یہ دونوں
وہ جا چکے ہیں سو بخشش کا اہتمام کرو

یہ جانتے ہو  وہ واپس پلٹ نہیں سکتے
سکون ان کو ملے گا جو نیک کام کرو

کلام :ثمینہ رحمت منال