" پنجاب دھی رانی پروگرام" کے تحت شیخوپورہ میں 47 جوڑوں کی اجتماعی شادیوں کی پروقار تقریب، صوبائی وزراء کی شرکت

لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے" پنجاب دھی رانی پروگرام" کے تحت شیخوپورہ کے نجی شادی ہال میں اجتماعی شادیوں کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال سہیل شوکت بٹ کی سربراہی میں شیخوپورہ اور ننکانہ صاحب کے جوڑوں کا اجتماعی نکاح کا اہتمام کیا گیا۔ پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے کیا گیا۔ وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ رکن صوبائی اسمبلی رانا طاہر اقبال، کمشنر لاہور زید بن مقصود، ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ اور دولہا دلہن کے عزیز اقارب کی کثیر تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی۔ تقریب میں 47 جوڑوں کی اجتماعی شادیوں کا اہتمام کیا گیا جن میں ضلع شیخوپورہ سے تعلق رکھنے والے 31 اور ننکانہ کے 16 نوبیاہتے سمیت 4 مسیحی نوبیاہتے جوڑے شامل ہیں۔ وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین و دیگر صوبائی وزراء نے نوبیاہتے جوڑوں کو وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی طرف سے مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال سہیل شوکت بٹ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب دھی رانی پروگرام وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا ایک تاریخی اقدام ہے، اس پروگرام کو تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، وزیر اعلٰی پنجاب کی جانب سے جوڑوں کو ایک لاکھ روپے کا سلامی کارڈ دیا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے آپ سب کو سلام اور مبارکباد دی ہے، اللہ تعالیٰ نے احساس کا رشتہ وزیراعلیٰ کو دیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی طرف دھی رانی سلامی کارڈ کے ذریعے نوبیاہتا جوڑوں کو 1 لاکھ روپے سلامی دی گئی اور اجتماعی شادی کے تمام جوڑوں کو تحائف دئیے جا رہے ہیں۔
وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے اس موقع پر اپنے خطاب کے دوران کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا وژن عوام کی خدمت کرنا ہے، پنجاب دھی رانی پروگرام وزیراعلیٰ پنجاب کے عوامی خدمت کے جذبے کا عکاس ہے، خون کے رشتوں سے احساس کے رشتے بڑے ہوتے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب ہر کام اللہ تعالیٰ کی رضا اور میرٹ پر کر رہی ہیں، والدین اپنی بیٹیوں کا شرعی فریضہ پورا کر رہے ہیں وزیراعلیٰ پنجاب ان بیٹیوں کے ساتھ شفیق ماں کی طرح کھڑی ہیں۔
تقریب کے اختتام پر دولہا دلہن اور تقریب کے شرکاء کے لیے ظہرانہ اور خصوصی دعا کا اہتمام بھی کیا گیا۔