ایبٹ آباد میں مسلم لیگ (ن)کاعظیم الشان ورکر کنونشن  

 ایبٹ آباد میں مسلم لیگ (ن)کاعظیم الشان ورکر کنونشن  
 ایبٹ آباد میں مسلم لیگ (ن)کاعظیم الشان ورکر کنونشن  

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف حکومت کی نو سال کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے تو اُن کی کارگردگی مایوس کن ہے، صوبہ معاشی بحران کا شکار ہو چکا ہے،سرکاری ملازمین اور پنشنرز کے لئے رقوم نہیں صوبے کا قرضہ 87 ارب سے بڑھ کر ایک کھرب تک پہنچ گیا۔ خیبرپختونخوا کی تاریخ  میں تحریک انصاف حکومت نے سب سے بھاری قرض لیا ہے۔ امن و امان کی صورت حال انتہائی خراب ہو چکی ہے۔ تحریک انصاف حکومت تمام تر توانائیاں دھرنوں اور وفاقی حکومت کے خلاف استعمال کر رہی ہے، عوام تحریک انصاف کی حکومت سے نالاں ہو چکے ہیں۔ خیبرپختونخوا میں بھی عوام مسلم لیگ (ن)کی طرف دیکھ رہے ہیں۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف کی  ہدایت پر ورکر کنونشن کے انعقاد کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔  خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور، مردان،دیر، سوات اور شانگلہ  میں کنو نشن کے بعد ایبٹ آباد میں بھی ورکر کنونشن منعقد کیا گیا جو  2018ء کے الیکشن کے بعد مسلم لیگ (ن) کا بڑا پاور شو تھا، کارکنوں میں جوش و خروش تھا،

ہزاروں کی تعداد میں عوام نے شرکت کی جس سے ثابت ہوگیا کہ ہزارہ ڈویژن مسلم لیگ(ن) کا گڑھ ہے۔ مسلم لیگ (ن)  میاں محمد نواز شریف کی وطن واپسی کے سلسلے میں عوام کو منظم اور فعال کرنے کے لئے کنونشن منعقد کر رہی ہیں۔ کامیاب کنونشن سے ثابت ہو گیا کہ عوام آج بھی نواز شریف کو ملک کے لئے مسیحا سمجھتے ہیں۔ ابیٹ آباد، وفاقی وزیر پارلیمانی امور مرتضیٰ جاوید عباسی کا آبائی ضلع ہے، کنونشن میں وہ ایک بڑے جلوس کی قیادت کرتے ہوئے پہنچے، کارکنوں نے کھڑے ہو کر تالیوں کے گونج میں بھر پور استقبا ل کیا اور نعرے بازی کی۔شدید سردی اور برف باری کے باوجو دور دراز سے آئے لو گو ں نے کنونشن میں شرکت کی۔ جلسہ ہو،احتجاج ہو، جلوس ہو یا کنونشن ہو،لوگ اُس میں شرکت کرتے ہیں کیونکہ پورے ملک میں پبلک ڈے کے انعقاد کے حوالے سے سب سے زیادہ شہرت مرتضیٰ جاوید عباسی رکھتے ہیں، وفاقی وزیر بننے کے بعد بھی پبلک ڈے کا انعقاد کرتے ہیں، دوسری خو بی جو مو صوف میں یہ پائی جاتی ہے کہ دیگر وفاقی وزراء اور مشیروں کی طرح اُن سے ٹائم نہیں لینا پڑتا جب بھی موصوف دفتر میں مو جو د ہوتے ہیں ہر کوئی اُن سے مل سکتا ہے،وہ لو گوں کے مسائل خود سنتے ہیں اور لوگ اُن کے دفتر سے خو شی ،خو شی رخصت ہوتے ہیں۔ 


پاکستان مسلم لیگ(ن)ضلع ایبٹ آباد کے زیر اہتمام ایبٹ آباد کے فوارہ چوک میں مسلم لیگ (ن) کے ورکرز کنونشن کا انعقاد کیا گیا تو فضاء مسلم لیگ(ن) کے ترانوں اور نعروں سے گونج اُٹھی، کنونشن میں لوگوں کا جوش اور جذبہ قابل دید تھا۔برف باری اور شدید سردی کے باوجو د بھی ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی،کنونشن میں مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدر انجینئر امیر مقام،صوبائی جنرل سیکرٹری اور وفاقی وزیر پارلیمانی امور مرتضیٰ جاوید عباسی، ضلعی صدر ملک محبت اعوان، جنرل سیکرٹری ذوالفقار، جاوید عباسی ایم پی اے، سردار اورنگزیب نلوٹھہ، سابقہ ممبران اسمبلی عنایت اللہ خان جدون، سردار فرید، آمنہ سردار، عبدالستار خان، سابقہ اُمیدوار صوبائی اسمبلی ملک ارشد اعوان اور مسلم لیگ(ن) کی ضلع تحصیل،سٹی کے عہدیداروں، لائرز ونگ اور خواتین بھی سینکڑوں کی تعداد میں شریک تھیں۔ اِس موقع پر مسلم لیگ(ن) کے صوبائی جنرل سیکرٹری اور وفاقی وزیر پارلیمانی امور مرتضیٰ جاوید عباسی خطاب کے لئے آئے تو شرکاء نے سیٹوں سے اُٹھ کر تالیوں کی گونج میں اُنہیں خوش آمدید کہا۔

اُنہوں نے کہا ضلع ایبٹ آباد کو چار سال میں ترقیاتی پراجیکٹ سے محروم رکھا گیا، مسلم لیگ (ن) کی وفاق میں حکومت کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے ہزارہ الیکٹرک سپلائی کمپنی کی منظوری دی اور ایبٹ آباد کے شہر کے لئے موٹر وے سے انٹر چینج کی منظوری بھی دی گئی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ صدر ایوب خان کے پوتے نے ایبٹ آباد کے عوام سے بڑا انتقام لیا  ہے،سوئی گیس کے منصوبے بند کیے، جتنی سازشیں چاہیں کر لیں،وہ ہزارہ کے عوام کو اُن کا حق لے کر دیں گے۔ مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا شیروان کے 38دیہات کی گیس پی ٹی آئی کے نمائندوں نے بند کی۔سرکل گلیات کے منصوبے پی ٹی آئی نے روکے، وہ اپنی سیاست قربان کر سکتا ہوں لیکن  ہزارہ کے منصوبے نہیں روک سکتے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) کا دور، ترقی کا دور ہے۔اُنہوں نے شیروان انٹر چینج کے لئے پونے چار ارب مختص کروائے ہیں،اُس پر کام شروع کروائیں گے اور عوام کو مہنگائی سے بھی جلد ریلیف فراہم کریں گے۔ ایبٹ آباد پہلے بھی مسلم لیگ(ن) کا گڑھ تھا، آئندہ الیکشن میں بھی مسلم لیگ(ن) ایبٹ آباد سے کلین سویپ کرے گی۔
٭٭٭٭٭

مزید :

رائے -کالم -