انجمن تاجران کا پارکنگ ٹھیکیدار اور ایس ڈی اے حکام کیخلاف احتجاج

   انجمن تاجران کا پارکنگ ٹھیکیدار اور ایس ڈی اے حکام کیخلاف احتجاج

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

سرگودھا(بیورو رپورٹ) انجمن تاجران موبائل فون ایسوسی ایشن ٹرسٹ پلازہ کا پارکنگ ٹھیکیدار اور ایس ڈی اے حکام کیخلاف احتجاجی مظاہرہ، مظاہرین نے فاطمہ جناح روڈ ٹرسٹ پلازہ کے احاطہ میں جمع ہو کر ایس ڈی اے اور ٹھیکیدار کی پرچی کی مد میں لوٹمار کیخلاف شدید نعرے بازی کی، اس موقع پر انجمن تاجران موبائل فون ایسوسی ایشن ساجد محمود کالرو، جنرل سیکرٹری زاہد محمود، سرپرست میاں دانش، چیئر مین رانا ریاض، فنانس سیکرٹری میاں عرفان و دیگر کا کہنا تھا کہ ٹھیکیدار دکانداروں سے زبردستی جگا ٹیکس وصولی کر رہے ہیں۔

 اور پلازہ کی طرف آنے والے تمام راستوں کو رکاوٹیں لگا کر بند کر دیا ہے۔

اور دکانداروں سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ پندرہ سو روپے ہر دکاندار سائیکل سٹینڈ پر موٹر سائیکل پارکنگ کی مد میں جمع کروائے، اور کوئی موٹر سائیکل پلازہ کے اندر داخل نہیں ہونے دیا جائے گا، جس کے باعث کاروبار بھی متاثر ہو رہا ہے اسی طرح پلازہ میں آنے والے خریداروں سے بھی پارکنگ کی مد میں 50 روپے فی چکر وصول کیے جاتے ہیں، یہ دکانیں ہم نے لاکھوں روپے میں خرید کی ہیں، جس کی مرمت کی مد میں بھی ایس ڈی اے کو ٹیکس کے علاوہ بھی کئی قسم کے ٹیکسز ادا کرتے ہیں لیکن اس کے بر عکس ہمیں کسی بھی قسم کی سہولیات فراہم نہیں کی جا رہیں، بعدازاں انجمن تاجران کے وفد کی ایس ڈی اے حکام سے ملاقات بھی ہوئی جنہوں نے تاجروں کو رکاوٹیں ہٹانے کی تسلی دی اور پرچی کی فیس کم کرنے بارے یقین دہانی کروائی اور کہا گیا کہ اگلے مرحلہ میں جنگلے لگا کر پارکنگ ایریا کو مختص کیا جائے گا اور محکمہ ہدف کے مطابق ٹھیکہ پر دیا جائے گا۔ تاہم اس بارے انجمن تاجران ٹرسٹ پلازہ کے تاجروں میں تشویش اور غم و غصہ پایا جا رہا ہے، تاجروں کا کہنا ہے کہ اگر مطالبات نہ مانے گئے تو احتجاج کا دائرہ وسیع کر کے مطالبات کی منظوری تک جاری رکھیں گے، آئے روز ایس ڈی اے کی طرف سے کوئی نہ کوئی وجہ بنا کر تاجروں کوپریشان کیا جاتا ہے اور ٹھیکیدار کی غنڈہ گردی کے باعث آنے والے شہریوں اور دکانداروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ 

مزید :

علاقائی -