ملتان:914ڈاکو گرفتار،1ارب روپے کا سامان برآمد
ملتان(وقائع نگار)سی پی او ملتان صادق علی ڈوگر کی قیادت میں ملتان پولیس نے سال 2024 کے دوران جرائم کی روک تھام میں شاندار کامیابیاں حاصل کیں۔ موثر حکمت عملی، بہترین پٹرولنگ پلان، ناکہ بندی اور سنیپ چیکنگ جیسے اقدامات کے ذریعے ضلع بھر میں جرائم کی مجموعی شرح میں 45 فیصد کمی لائی گئی۔ملتان پولیس نے سال 2024 کے دوران 338 مجرمانہ(بقیہ نمبر49صفحہ6پر)
گینگز کے 914 ارکان کو گرفتار کیا اور ایک ارب روپے سے زائد مالیت کا مسروقہ سامان برآمد کیا گیا۔ برآمد شدہ سامان میں گاڑیاں، موٹرسائیکلیں، نقدی، زیورات اور دیگر قیمتی اشیا شامل ہیں۔سال 2023 کے مقابلے میں سال 2024 میں ڈکیتی کے واقعات میں 54 فیصد اور رابری کی وارداتوں میں 14 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ ڈکیتی کے دوران قتل کے واقعات میں 33 فیصد کمی دیکھنے میں آئی۔ ہاس رابری کے واقعات میں 75 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ موٹرسائیکل اور کار چھیننے کے واقعات میں 12 فیصد، جبکہ ان کی چوری میں 15 فیصد کمی آئی۔پولیس نے سنگین جرائم کے خلاف بھرپور کارروائی کرتے ہوئے 128 قتل کے ملزمان، 266 اقدام قتل کے ملزمان اور 16 ڈکیتی معہ قتل کے کیسز میں گرفتاریاں کیں۔ مزید برآں، ریپ کے 65 ملزمان، نابالغ بچوں کے ساتھ زیادتی کے 99 ملزمان، اور 37ملزمان گینگ ریپ کے کیسز میں گرفتار کیے گئے۔ 405 اغوا کے کیسز حل کیے گئے، جس سے عوام کا پولیس پر اعتماد مزید بڑھا۔منشیات کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے 3533 مقدمات درج کر کے 3596 ملزمان کو گرفتار کر کے 29 کلو گرام سے زائد آئس، 50کلو گرام سے زائد ہیروئن، 1182 کلو گرام چرس، 08 کلو گرام سے زائدافیون، 129544 بوتل شراب، 59 چالوبھٹی اور477 کلو گرام سے زائدبھنگ برآمد کی گئی۔غیر قانونی اسلحہ کے خلاف کارروائی کے دوران 1327 مقدمات درج کیے گئے اور 20 کلاشنکوف، 51 رائفلز، 62 بندوقیں، 1161 پستول، اور 3467 گولیاں برآمد کی گئیں۔ منشیات کے خلاف مہم میں 3533 مقدمات درج کیے گئے، 3596 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، اور بڑی مقدار میں آئس، ہیروئن، چرس، اور دیگر منشیات ضبط کی گئیں۔ملتان پولیس نے غیر قانونی قمار بازی اور پتنگ بازی کے خلاف بھی سخت کارروائی کی۔ قمار بازی کے 428 مقدمات میں 1260 افراد گرفتار کیے گئے، جبکہ پتنگ بازی کے خلاف 624 مقدمات درج کرکے 629 افراد کو گرفتار کیا گیا اور 70 ہزار سے زائد پتنگیں اور 12 ہزار ڈوریں ضبط کی گئیں۔سال 2024 کے دوران 40 پولیس مقابلوں میں 13 خطرناک مجرم ہلاک اور 48 زخمی حالت میں گرفتار کیے گئے۔ مزید برآں، 3686 اشتہاری مجرمان اور 670 عدالتی مفروران کو حراست میں لیا گیا۔سی پی او ملتان صادق علی ڈوگر نے اس شاندار کامیابی کو پولیس کی بہترین حکمت عملی اور محنت کا نتیجہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ ان کی اولین ترجیح ہے، اور جرائم کے خاتمے کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔سال 2024 میں ملتان پولیس کی کارکردگی عوام کے اعتماد اور امن و امان کی بحالی کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ سی پی او ملتان نے 2025 میں بھی جرائم کے خاتمے اور عوام کے تحفظ کے لیے اپنی حکمت عملی کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے تاکہ ملتان ایک محفوظ اور پرامن شہر بن سکے۔