پاکستانیو لوڈشیڈنگ میں گھبرانا نہیں۔۔۔!!
یہ ہمارے ملک کے باشندوں کی بدقسمتی ہے کہ وہ ملک کی خاطر دن رات کام کرنے والوں کیخلاف نفرت انگیز مواد کے ذریعے لوگوں میں نفرتیں پیدا کرتے ہیں۔ جب مسلم لیگ ن کا دور حکومت تھا تو انہوں نے ہر محکمے کی سمت کو دن رات محنت کرکے پٹڑی پر چڑھایا، ریلوے کا نظام بدترین ہوگیا تھا آئے روز ریلوے حادثات ہوتے تھے، خواجہ سعد رفیق نے پوری دلیری اور محنت کے ساتھ ریلوے کے نظام کو بہتر کیا، ریلوے ٹریک کو اپ گریڈ کیا، اپنے پانچ سالہ دور میں ریلوے کو منافع بخش ادارہ بنانے میں کامیاب ہوگئے۔ اسی طرح اگر آپ وزارت داخلہ کی کارکردگی کو دیکھیں تو مسلم لیگ ن نے کراچی کے شہریوں کو امن دینے کے لیے "کراچی رینجرز آپریشن" کو شروع کیا، بہت سے ٹارگٹ کلرز اور بھتہ خور اپنے انجام کو پہنچے اور کراچی دوبارہ روشنیوں کا شہر بن گیا، بلوچستان میں امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے " ایف سی آپریشن" شروع کیا جس سے کافی حد تک بلوچستان میں امن قائم ہوا، شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کا صفایا کرنے کے لیے "آپریشن ضرب عضب" کو شروع کیا اور شمالی وزیرستان کے باشندوں کو امن و سکون والی زندگی لوٹائی۔ اسی طرح مسلم لیگ ن کی حکومت نے روز مرہ زندگی میں استعمال ہونے والی اشیاء کو عام آدمی تک پہنچانے کے لیے سستا کیا، سبزیاں سستی کی اور گندم بھی عام آدمی تک پہنچائی۔ وزارت پٹرولیم نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو مسلسل قابو میں رکھا اور کسی بھی بڑے کرپشن سکینڈل سے بچنے کے لیے سخت اقدامات کیے۔ اسی کے علاوہ جب مسلم لیگ ن نے حکومت کو سنبھالا تو ہر طرف لوڈشیڈنگ ہی لوڈشیڈنگ تھی، پورا پاکستان تاریکیوں میں ڈوبا ہوا تھا تو پاکستان نے پہلی فرصت میں چائنہ کے ساتھ معاہدے کرکے توانائی کے پروجیکٹس لگانا شروع کر دیے، چائنا کے صدر خصوصی طور پر پاکستان آئے اور انہوں نے پاک چین اقتصادی راہداری کے ذریعے بننے والے پاور پراجیکٹس کے افتتاح کیے۔ مسلم لیگ ن نے لوڈشیڈنگ کو ہمیشہ کے لیے ختم کرنے کے لیے ایل این جی ٹرمینل کی تنصیب، آر ایل این جی کے ذریعے بلوکی پاور پلانٹ قصور کی تنصیب، بھکی آر ایل این جی پاور پلانٹ شیخو پورہ کی تنصیب، حویلی بہادر شاہ آر ایل این جی پاور پلانٹ کی تنصیب، جھنگ ایل این جی پاور پلانٹ کی تنصیب، نندی پور تھرمل/ایل این جی پاور پلانٹ کی تنصیب، ساہیوال کول پاور پلانٹ کی تنصیب، پورٹ قاسم پاور پلانٹ کی تنصیب، اینگرو کول مائنز پاور پلانٹ کی تنصیب، جامشورو پاور پلانٹ کی تنصیب، گڈو پاور پلانٹ کی تنصیب، چشمہ نیوکلئیر 3 اور 4 پاور پراجیکٹس کی تکمیل، کراچی نیوکلئیر پاور پلانٹ کی تنصیب، قائد اعظم سولر پارک بہاولپور کی تنصیب، نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ پلانٹ کی تنصیب، دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر کا آغاز، تربیلا 4 ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی تکمیل، گومل زم ڈیم کی تعمیر کا آغاز، منگلا پاور پراجیکٹ کی اپ گریڈیشن کی تکمیل، نلتر پاور پراجیکٹ کی تکمیل، ہرپو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی تکمیل، کوہالہ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی تکمیل، داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا آغاز، گل پور ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی تنصیب، گولن گول ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی تکمیل، سکی کناری ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی تنصیب سمیت بہت سے چھوٹے بڑے ونڈ پاور پراجیکٹس بھی مکمل کیے جن سے لوڈشیڈنگ کا جن ہمیشہ کے لیے بوتل میں بند ہو جانا تھا۔ لیکن جب سے موجودہ کٹھ پُتلی حکومت برسرِ اقتدار آئی ہے تو اس نے تمام منافع بخش اداروں کو نقصان میں ڈبو دیا ہے، پہلے مزدور سے روٹی چھینی، پھر کاروبار چھینا، پھر سستی روٹی چھینی اور اب لوڈشیڈنگ کا تحفہ قوم کو دے رہے ہیں۔ لیکن ہماری قوم خان صاحب کے بارہ موسموں کو بڑی دیدہ دلیری کے ساتھ انجوائے کر رہی ہے۔ پہلے ایل این جی نہ خرید کر قوم کو اربوں روپے کا چونا لگایا اور اگر خریدی بھی تو مہنگی خریدی جس سے عام آدمی کی جیب کو بھاری نقصان پہنچا، ایل این جی پر چلنے والے پاور پلانٹس بند ہیں حکومت فرنس آئل کی مہنگی خریداری کرکے بجلی پیدا کر رہی ہے جس سے پاکستان کو اربوں روپے کا نقصان پہنچا ہے۔ آئے دن پٹرول اور بجلی کی قیمتیں بڑھتی جا رہی ہیں اور عوام کا جینا حرام ہوچکا ہے اور ہمارے وزیراعظم کہتے ہیں کہ آپ نے گھبرانا نہیں ہے۔ اگر آپ لاہور کی پاور کمپنی لیسکو کی بات کریں تو لیسکو کو پانچ ہزار میگاواٹ کی ضرورت ہے جبکہ اس کو 4200 میگاواٹ بجلی فراہم کی جا رہی ہے اور 800 میگاواٹ کے شاٹ فال کا سامنا ہے جس کی وجہ سے ہر گھنٹے کے بعد لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے اور ہسپتالوں میں مریضوں کے برے حالات ہیں۔ پاکستانی قوم اس زبردستی کی تبدیلی سے تنگ آ چکی ہے اور وہ ایسی اپوزیشن کی طرف دیکھ رہی ہے جو انکے دکھوں کا مداوا کر سکے، انکی آواز بن سکے، انکے ساتھ احتجاج میں شامل ہوسکے، بدقسمتی سے اپوزیشن اپنے کیسز میں پھنسی ہوئی ہے اور عوام حکومت کے ہاتھوں ذلیل و رسواء ہو رہی ہے۔ میری دعا ہے کہ الله تعالٰی ہماری اس تبدیلی حکومت سے جلد چھٹکارا عطاء کرے اور ہم نئے پاکستان سے دوبارہ پرانے پاکستان میں لوٹ جائیں۔ آمین
.
نوٹ: یہ بلاگر کا ذاتی نقطہ نظر ہے ، اس سے ادارے کا متفق ہونا ضروری نہیں۔