نئے تعینات ہونے والے 180سول ججزنے عہدے کا حلف اٹھا لیا

نئے تعینات ہونے والے 180سول ججزنے عہدے کا حلف اٹھا لیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نامہ نگار خصوصی )پنجاب کی ضلعی عدلیہ کے لئے نئے تعینات کئے گئے 180سول ججزنے اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا،حلف برداری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس منظور احمد ملک نے کہا ہے کہ خواتین ججز مشکلات کارونا رونے کی بجائے جج بن کر عدالت لگائیں اور کسی دباﺅ کو خاطر میں نہ لائیں۔ایک جج کو دلیر اور ایماندار ہونا چاہیے۔ضلعی عدلیہ میں بھرتی ہونے والے 180ججز سے رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ سردار احمد نعیم نے حلف لیا۔حلف برداری کی تقریب میں لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس منظور احمد ملک اور جسٹس امین الدین شیخ نے خصوصی طور پر شرکت کی۔تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس منظور احمد ملک نے مزیدکہا کہ ججوں کی بھرتی میرٹ کے مطابق کی گئی ہے۔تعینات ہونے والے ججوں کو چاہیے کہ فیصلے کرتے ہوئے بزدلی کا مظاہرہ نہ کریں اور اپنے فیصلوں سے ثابت کریں کہ وہ اس عہدے کے اہل تھے۔جسٹس منظور احمد ملک نے کہا کہ کسی جج کی بارے میں شکائت آنا ہمارے لئے تکلیف کا باعث ہو گا،اگر کسی جج کی بری شہرت بن گئی تویہ اسکے لئے ڈوب مرنے کا مقام ہے۔انہوں نے کہا کہ ججز روزانہ کی بنیاد پر سنائے گئے فیصلوں کو لکھنے کی عادت بنائیں اور فیصلہ اگلے روز تک ملتوی نہ کریں۔ججز فیصلہ کرتے ہوئے اپنے رویے میں نرمی کا مظاہرہ کریںاور عدالت وقت پر آئیں تاکہ عدلیہ کے بارے میںسائلین کا اعتماد متزلزل نہ ہو۔

مزید :

صفحہ آخر -