کوئٹہ میں پولیس اہلکار کے نجی سیل پر چھاپہ، 4 نوجوان بازیاب

کوئٹہ میں پولیس اہلکار کے نجی سیل پر چھاپہ، 4 نوجوان بازیاب

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کوئٹہ (ڈیلی پاکستان آن لائن)بلوچستان کے شہر کوئٹہ میں بروری پولیس تھانے کے عملے نے پولیس اہلکار کے نجی سیل پر چھاپہ مار کر 4 نوجوانوں کو بازیاب کرالیا۔ چھاپے کے دوران نجی سیل میں موجود 3 ملزمان بھی گرفتار ہوئے جن سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔

نجی سیل کے ایک کمرے سے بازیاب 4 نوجوان لڑکوں نے بتایا کہ انہیں چوری کے چھوٹے مقدمے میں پکڑ کر اس گھر میں قید کیا گیا تھا۔

بازیاب نوجوانوں نے پولیس کو دیئے گئے بیان میں کہا کہ ثناءاللہ نامی پولیس اہلکار نے ہمیں تھانے کے بجائے یہاں منتقل کیا اور جھوٹے مقدمے میں ہمیں اعتراف یا پیسے دینے کے لیے تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔۔

نوجوانوں نے کہا کہ دوران قید ہم سے بدفعلی کرنے کی کوشش بھی کی گئی۔

واقعے کی درج ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے چاروں نوجوانوں کو گزشتہ 3 دن سے بند کر رکھا تھا، پولیس اہلکار نوجوان لڑکوں کو تھانے کے بجائے نجی سیل منتقل کرتا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ چوتھے ملزم پولیس اہلکار کی گرفتاری کے لئے چھاپے جاری ہیں، پولیس نے گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا۔