چاکلیٹی اداکار وحید مراد کی آج سالگرہ منائی جائے گی

چاکلیٹی اداکار وحید مراد کی آج سالگرہ منائی جائے گی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(فلم رپورٹر)ستارہ امتیاز اور لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ حاصل کرنے والے پاکستان فلم انڈسٹری کے چاکلیٹی ہیرو وحید مراد کی  سالگرہ آج منائی جائے گی۔ اس موقع پران کے پرستار خصوصی پروگرامات منعقداور لیجنڈ وحید مراد کی فلم انڈسٹری کیلئے ناقابل فراموش خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کریں گے۔ چاکلیٹی ہیرو وحید مراد 2اکتوبر 1938کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے اپنی تعلیم کراچی گرامر سکول، ایس ایم آرٹس کالج کراچی سے مکمل کی اور یونیورسٹی آف کراچی سے انگلش لٹریچر میں ماسٹر کیا۔وہ ممتا ز فلم ڈسٹری بیوٹر نثار مراد کے اکلوتے صاحبزاد اور سلمی مراد کے خاوند تھے۔ ستارہ امتیاز، لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ، نگارڈ ایوارڈ سمیت دیگر ایوارڈز حاصل کرنے والے فلمی ہیرو وحید مراد نے 1959 میں اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا اور 1983 میں اپنی وفات تک ان کا 25سالہ فنی سفر انتہائی کامیابیوں و کامرانیوں سے مزین رہا۔ وہ بیک وقت فلم ایکٹر، پروڈیوسراور سکرپٹ رائٹر بھی تھے۔
 وحید مراد کی بہترین فلموں میں دل میرا دھڑکن تیری، ہیرا اور پتھر، ارمان، عندلیب، مستانہ ماہی، انسانیت، دیور بھابھی، دوراہا، ماں باپ، احسان، جہاں تم وہاں ہم، نصیب اپنا اپنا، انجمن، بہارو پھول برسا، عشق میرا ناں، شمع، جب جب پھول کھلے، شبانہ، سہیلی، پرکھ، خدا اور محبت، آواز، بہن بھائی، ناگ منی، مستانی محبوبہ، لیلی مجنوں، عزت،دلربا، راستے کا پتھر، محبوب میرا مستانہ، ناگ او ناگن، پرستش، آدمی، وعدے کی زنجیر، راجہ کی آئیگی بارات، ضمیر، بدنام، گن مین، کرن اور کلی، گھیرا، آہٹ، مانگ میری بھر دو، ہیرو، زلزلہ، مقدر، آنکھوں کے تارے، آس پاس، انداز وغیرہ شامل ہیں۔ وحید مراد نے 115اردو، 8پنجابی، 1پشتو فلم میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ انہوں نے اپنے دور کی چوٹی کی فلم سٹارز زیبا، شمیم آرا، رانی، نغمہ، عالیہ، سنگیتا، کویتا،آسیہ، شبنم، دیبا، بابرہ شریف، رخسانہ، بہار او ر نیلو کے ساتھ بھی ادا کاری کے جوہر دکھائے۔ 25سال تک لالی ووڈ پر حکمرانی کرنے والے چاکلیٹ ہیرو وحید مراد 23نو مبر 1983 کو 45سال کی عمر میں اپنے مالک حقیقی سے جا ملے۔

مزید :

کلچر -