آئینی ترمیم اتفاق رائے سے ہونی چاہیے، ہٹ دھرمی کی سیاست سے نکلنا پڑے گا: گورنر پنجاب
راولپنڈی(آئی این پی) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ آئینی ترمیم ہونی چاہیئے لیکن اتفاق رائے سے ہونی چاہیئے،سیاسی اختلافات بھلا کر سب جماعتوں کو ملک کی خاطر اکٹھا ہونا چاہیے،احتجاج کرنا اپوزیشن کا حق ہے لیکن ٹیبل پر بیٹھ کر بات چیت کریں،موجودہ صورتحال میں نوابزادہ نصراللہ جیسی شخصیت کی ضرورت ہے،ہٹ دھرمی کی سیاست سے نکلنا پڑے گا، میں مشورہ دوں گا صدر زرداری کی قیادت میں بیٹھ جائیں، چیزیں ساری بہتر ہو جائیں گی، وائس چانسلرز والے معاملہ پر بہت بات ہو چکی ہے، میں کہتا ہوں سو فیصد میرٹ پر عمل ہو۔ان خیالات کااظہار انہوں نے راولپنڈی ویمن یونیورسٹی کے پہلے کانووکیشن میں بطور مہمان خصوصی شرکت کے موقع پر خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وائس چانسلر راولپنڈی ویمن یونیورسٹی ڈاکٹر انیلہ کمال نے یونیورسٹی میں جاری پروگرامز کے حوالے سے گورنر پنجاب کو آگاہ کیا۔گورنر پنجاب نے طالبات میں میڈلز اور اسناد تقسیم کیں۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ روالپنڈی ویمن یونیورسٹی کے پہلے کانووکیشن کی صدارت کرنا باعث افتخار ہے۔ تمام کامیاب طالبات، انکے والدین اور اساتذہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ آج تاریخی لمحہ ہے کہ راولپنڈی ویمن یونیورسٹی کے پہلے کانوکیشن کا انعقاد کیا گیا۔گورنر پنجاب نے کہا تعلیم قوموں کی ترقی اور کامیابی میں زینے کا کردار ادا کرتی ہے۔جب پاکستان بنا تو ایک یونیورسٹی تھی،جبکہ رواں برس تک ملک میں یونیورسٹیوں کی تعداد 265 ہے جو خوش آئند ہے۔ سردار سلیم حیدر نے کہا پاکستان واحد مسلمان ملک ہے جو ایٹمی طاقت ہے۔ پاکستان اسلامی دنیا کی قیادت کر سکتا ہے لیکن اس کے لئے ملک میں امن وامان کا ہونا ضروری ہے۔ امید ہے کہ نوجوان نسل پاکستان کو ایک قوم بنا کر دشمن کی ہمیں تقسیم کرنے کی سازش کو ناکام بنائے گی۔ سردار سلیم حیدر نے کہا ملکی ترقی اور معاشرتی اقدار کو برقرار رکھنے کے لیے خواتین کا تعلیم یافتہ ہونا بہت ضروری ہے۔ خواتین کو تعلیم سے آراستہ کرنے سے متعدل معاشرے کو وجود میں لایا جا سکتا ہے۔ اساتذہ کو تعلیم کے ساتھ تربیت کی ذمہ داری بھی نبھانا ہو گی۔انسان کی سب سے بڑی پہچان اسکا کردار ہوتا ہے۔سردار سلیم حیدر نے کہاتعلیم سے منسلک افراد پیغمبروں کے شعبہ سے وابستہ ہیں۔بعد ازاں گورنر پنجاب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا سیاست ضرور کریں مگر سب سے پہلے ملک کا سوچیں۔گورنر پنجاب شنگھائی کانفرنس منعقد ہونے جارہی ہے، سیاسی اختلافات بھلا کر سب جماعتوں کو ملک کی خاطر اکٹھا ہونا چاہیے۔
گورنر پنجاب