قانون سازی کرنا پارلیمان کا اختیار، اس پر سیاست نہیں ہونی چاہئے: وزیر اطلاعات
اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہاہے کہ پارلیمان بالادست ادارہ ہے، قانون سازی کرنا پارلیمان کا اختیار ہے، پارلیمان کی منشاء اور اختیار پر سیاست نہیں ہونی چاہئے،آئین اور قانون کے مطابق آگے بڑھیں گے، پی ٹی آئی ملک کو غیر مستحکم کرنا چاہتی ہے،امن و امان کو خراب کرنے کی اجازت کسی صورت نہیں دی جا سکتی، سرکاری وسائل کو استعمال کر کے وفاق پر لشکر کشی کسی صورت ناقابل قبول ہے، انقلاب لانا ہے تو خیبر پختونخوا میں تعلیم اور صحت کے شعبے میں انقلاب لائیں،پاکستان کی خارجہ پالیسی مثبت انداز سے آگے بڑھ رہی ہے، پچھلے سال 32 فیصد سے رواں سال 9.6 فیصد پر مہنگائی کا آنا بڑا کارنامہ ہے، مستقبل میں مہنگائی میں مزید کمی واقع ہوگی،شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے لئے مکمل طور پر تیار ہیں، 12 سے زائد سربراہان مملکت اس سمٹ میں شرکت کے لئے پاکستان آئیں گے۔وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف امریکہ کا کامیاب دورہ کر کے وطن واپس آئے، وزیراعظم شہباز شریف کے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس سے خطاب کو بہت پذیرائی ملی، وزیراعظم کا اقوام متحدہ جنرل اسمبلی سے خطاب پاکستان کے لئے باعث اعزاز ہے، دیگر ممالک کے سربراہان کے ساتھ ملاقاتیں بھی بہت حوصلہ افزاء رہیں۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ وزیراعظم سے عالمی رہنماؤں کی ملاقاتوں سے پاکستان کی خارجہ پالیسی کو تقویت ملی، پاکستان کی خارجہ پالیسی نے ثابت کیا کہ پاکستان خطے میں ایک اہم ملک ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ مسئلہ فلسطین اور اسرائیلی جارحیت پر وزیراعظم نے بھرپور انداز میں آواز بلند کی، وزیراعظم نے فلسطینیوں کی نسل کشی پر اسرائیل کے جنگی جرائم کو بھرپور انداز میں پیش کیا۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ وزیراعظم نے عالمی دنیا سے مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیل کا احتساب ہونا چاہیے،سوشل میڈیا پر بھی وزیراعظم کے خطاب کو سب سے زیادہ دیکھا گیا، پاکستان نے ہمیشہ امت مسلمہ کے مسائل کے حوالے سے آواز اٹھائی۔وزیراطلاعات ونشریات نے کہاکہ وزیراعظم کی قیادت میں ہم نے اسرائیلی وزیراعظم کے خطاب کا بائیکاٹ کیا، وزیراعظم کے واک آؤٹ کے بعد دیگر ممالک نے بھی جنرل اسمبلی اجلاس سے واک آؤٹ کیا۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ اسرائیلی وزیراعظم کی تقریر کے وقت ہال تقریباً خالی ہو چکا تھا، فلسطینی صدر محمود عباس نے پاکستان کی حمایت کو خوش آئند قرار دیا، فلسطین کے صدر محمود عباس نے وزیراعظم کا بازو پکڑ کر کہا کہ آپ ہمارے بھائی ہیں، فلسطین کے صدر نے فلسطین کاز کے لئے پاکستان کے کردار کو تسلیم کیا۔
عطا اللہ تارڑ