ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل بازیابی کیس؛ آئی جی جیل خانہ اور سی پی او راولپنڈی طلب،وزارت دفاع اور داخلہ حکام کو بیان حلفی جمع کرانے کا حکم
راولپنڈی(ڈیلی پاکستان آن لائن)لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ نے لاپتہ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل محمد اکرم کی بازیابی کی درخواست پرآئندہ سماعت پر آئی جی جیل خانہ اور سی پی او راولپنڈی کو طلب کرلیا،عدالت نے وزارت دفاع اور داخلہ حکام کو بیان حلفی جمع کرانے کا حکم دیدیا۔
سما ٹی وی کے مطابق لاپتہ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل محمد اکرم کی بازیابی کی درخواست پر سماعت ہوئی،لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس چودھری عبدالعزیز نے سماعت کی۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر آئی جی جیل خانہ اور سی پی او راولپنڈی کو طلب کرلیا،عدالت نے وزارت دفاع اور داخلہ حکام کو بیان حلفی جمع کرانے کا حکم دیدیا،عدالت نے کہاکہ بیان حلفی جمع کرایا جائے محمد اکرم وفاقی داروں کی تحویل میں نہیں۔
محمد اکرم کے اہلخانہ کو جیل کالونی میں گھر دینے پر جیل انتظامیہ نے رپورٹ عدالت میں جمع کرا دی،رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اڈیالہ جیل میں ہونے والے قتل کی انکوائری میں محمد اکرم کو برخاست کیا گیا،عدالت نے کہاکہ محمدا کرم 14اگست سے لاپتہ ہیں، غیرحاضری پر نوکری سے کیسے نکالا گیا؟ لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ نے درخواست پر سماعت 7اکتوبر تک ملتوی کردی ۔