40لاکھ گیلن پانی سٹوریج کا منصوبہ خوش آئند اقدام ہے، شہری
لاہور(افضل افتخار)پاکستان کا اپنی نوعیت کا 40 لاکھ گیلن پانی سٹوریج کا منصوبہ بنانے کے لئے پاکستانی ہنر مند دن رات کوشاں ہیں، منصوبے کی تکمیل سے بارش کے پانی کو ضائع ہونے سے بچایا جاسکے گا جبکہ سڑکوں پر پانی کھڑا ہونے سے بھی بچا جاسکے گا۔ بارش کے باعث کئی کئی روز تک پانی سڑکوں پر موجود رہتا تھا۔ اس منصوبے کی تکمیل کے بعد اب فوری طور پر پانی سڑکوں سے صاف ہوگا او ر ٹریفک کا نظام بھی متاثر نہیں ہوگا۔ اس منصوبے کو لاہور کے بڑے ترقیاتی منصوبوں میں شمار کیا جارہا ہے۔ ماضی میں بارش کی صورت میں سٹیڈیم کے اطراف پانی کھڑا ہونے سے گزرنے والے افراد کے ساتھ ساتھ قریبی رہائشیوں کو بھی شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا تھا جس کا اب مکمل خاتمہ ہوجائے گا۔ اس حوالے سے واٹر ٹینک کے قیام پر قریبی رہائشیوں نے بھرپور خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ پنجاب حکومت کی جانب سے بہترین کام کیا گیا ہے اس سے بارشوں میں پانی کھڑا نہیں ہوگا۔ڈرینج کا قیام بہت پہلے ہوجانا چاہئے تھا۔ رہائشیوں نے کہا کہ بارش کا پانی اب ٹینک میں جمع ہوگا جس سے فائدہ حاصل ہوگا یہ عوامی منصوبہ ہے جو قابل تعریف ہے اس سے قبل جب بھی بارش ہوتی تھی جگہ جگہ پانی کھڑا ہوکر ضائع ہوتا تھا او ر اس سے نہ صرف گزرنے والوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتاتھا بلکہ ہمیں بھی ا پنے گھروں میں پانی جمع ہونے کی شکایت تھی جو اب دور ہوگئی ہے۔