بغض نواز شریف میں پی ٹی آئی والے اندھے، گونگے، بہرے ہو چکے ہیں: عظمیٰ بخاری
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ نواز شریف کے بغض میں پی ٹی آئی کے لوگ اندھے، گونگے اور بہرے ہو چکے ہیں۔ نواز شریف کے بھائی شہباز شریف نے پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا جبکہ انکی بیٹی دن رات پنجاب کے عوام کی خدمت میں مصروفِ عمل ہے۔ نواز شریف ملک و قوم کی بات کرنے والے لیڈر ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسد قیصر کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ الحمدللہ میاں نواز شریف پاکستان واپس بھی آئے وفاق اور پنجاب میں حکومت بھی بنائی ہے۔ جو گڑھے آپ کا نالائق اور نکما لیڈر عمران خان کھود گیا تھا شہباز شریف انہیں بھر رہے ہیں۔ وہ ملک کی ترقی کیلئے دن رات محنت کررہے ہیں۔ وہ دن دور نہیں جب پاکستان اپنے پاؤں پر کھڑا ہوگا۔ پاکستان کے دیوالیہ ہونے کے خواب دیکھنے والے بس خواب ہی دیکھتے رہ جائیں گے۔ وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ نواز شریف اس قوم کی جان ہیں، آن بان اور شان ہیں۔ نواز شریف عمران خان کی طرح ملک پر ایٹم بم گرانے کی خواہش کرنے والے لیڈر نہیں۔ نواز شریف کی خواہش ہے کہ پاکستان کا اقوام عالم میں ایک خاص مقام ہو۔ انکا کہنا تھا کہ حلقے کھولنے کے طعنے دینے والے دوبارہ گنتی کے نام سے ایسے بھاگتے ہیں جیسے بندر غلیل سے بھاگتا ہے۔ جیل میں آپ کے چور،بددیانت اور کرپٹ لیڈر ہیں لہٰذا مذاکرات اور پاؤں پکڑنے کی ضرورت آپ کو ہے۔ ہمیں آپ سے بات کرنے یا آپ کا چہرہ دیکھنے کا بھی کوئی شوق نہیں ہے۔
عظمیٰ بخاری