گوردوارہ جنم استھان میں نئی عمارت کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا

    گوردوارہ جنم استھان میں نئی عمارت کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(خصوصی رپورٹ)گوردوارہ جنم استھان میں سکھ یاتریوں کے لیے100 کمروں پر مشتمل نئی عمارت کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا۔صوبائی وزیر اقلیتی امور/ پردھان پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی، سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ سید عطاء الرحمٰن کے ہمراہ ننکانہ صاحب میں سکھ یاتریوں کی سہولت کے پیش نظر نئی عمارت کے قیام کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس عمارت میں سو کمروں کی تعمیر شامل ہے جو دنیا بھر سے آنے والے یاتریوں کے قیام اور آرام کے لیے مختص ہوگی۔ چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ سید عطاء الرحمٰن کا کہنا تھا کہ پاکستان میں موجود اقلیتوں کو تمام سہولیات فراہم کرنا اولین ترجیحات میں شامل ہیں انہوں نے کہا کہ قدیمی ورثہ کو محفوظ رکھنے،اقلیتی عبادت گاہوں کی تزین و ارائش اور تعمیرات کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ جلد از جلد پراجیکٹ مکمل کیے جائیں اور یاتریوں کو مکمل سہولیات میسر ہوں۔قبل ازیں، صوبائی وزیر اور چئیر مین بورڈ نے مختلف گوردواروں کا دورہ بھی کیا، جن میں گوردوارہ لیلا رام اور گوردوارہ بھٹی صاحب شامل ہیں۔ دورے کے دوران، سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے ان گوردواروں میں لنگر خانوں کا افتتاح کیا۔ لنگر خانوں کی تعمیر کا مقصد یاتریوں کو مفت کھانے کی فراہمی ہے،  انہوں نے کہا کہ یہ منصوبے مذہبی سیاحت کو فروغ دینے اور ملکی معیشت کو مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔اس موقع پر سیکرٹری متروکہ وقف املاک بورڈ فرید اقبال، ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز سیف اللہ کھوکھر،پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے ممبران اور دیگر متعلقہ افراد بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

عمارت

مزید :

صفحہ آخر -