سعودی ولی عہد کا گزشتہ 6ماہ کے دوران پاکستانی وزیراعظم سے پانچویں ملاقات پر خوشی کا اظہار
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعظم شہبازشریف نے ریاض میں منعقدہ ون واٹرسربراہی اجلاس کےموقع پرسعودی ولی عہدشہزادہ محمدبن سلمان بن عبدالعزیز السعود سے خوشگوار ملاقات کی جس دوران سعودی ولی عہد نےگزشتہ 6ماہ کے دوران پانچویں بارپاکستانی وزیراعظم سےملاقات پر خوشی کا اظہار کیا ۔
تفصیلات کے مطابق سعودی ولی عہد نے کہا کہ یہ حقیقی محبت اور باہمی احترام کا ثبوت ہے جو دونوں ممالک کےعوام کوجوڑتاہے، پاکستان اورسعودی عرب کےمابین تعاون کافروغ پاکستان کی معاشی ترقی اورخوشحالی کیلئےکلیدی اہمیت رکھتاہے۔وزیراعظم شہبازشریف نےولی عہد کا پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات پر شکریہ اداکیا اور ولی عہدکوجلدازجلدپاکستان کادورہ کرنےکی اپنی دعوت کااعادہ کیا ۔ ولی عہد نےوزیرِ اعظم کی دعوت کوقبول کرتے ہوئے کہا وہ اپنےجلددورہ پاکستان کےمنتظرہیں۔دونوں رہنماؤں نے پاکستان اورسعودیہ کےلیےاقتصادی،تجارتی اورسرمایہ کاری کےتعلقات کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا ، دونوں رہنماؤں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے سعودی مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر عملدرآمد کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے ریاض میں ون واٹر سربراہی اجلاس کے موقع پر فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون سے دو طرفہ ملاقات کی جس دوران زراعت،لائیوسٹاک،آئی ٹی،اورپینےکے صاف پانی کےشعبوں میں بزنس ٹوبزنس روابط کےذریعےتعاون بڑھانےپراتفاق کیا گیا ۔ وزیراعظم نے ریاض میں ون واٹرسمٹ کی کامیاب مشترکہ میزبانی پر صدر میکرون کو مبارکباد دی ۔ موسمیاتی تبدیلی اورترقیاتی امور پر فرانس کے قائدانہ کردار کو سراہتے ہوئے وزیراعظم نے 2022 کے تباہ کن سیلاب کے تناظر میں صدر میکرون کی پاکستانی عوام کے لیے بھرپور حمایت کو سراہا ۔
دونوں رہنمائوں نے زراعت،لائیوسٹاک،آئی ٹی،اور پینے کے صاف پانی کے شعبوں میں بزنس ٹو بزنس روابط کے ذریعے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں بشمول سیاسی، اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ سمیت کثیرالجہتی فورمز پر تعاون پرتبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان باہمی طور پر مفید اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زوردیا۔ وزیراعظم کی فرانس کو پاکستان میں سرمایہ کاری کےمواقع بالخصوص موسمیاتی موافقت اورقابل تجدیدتوانائی سے استفادہ حاصل کرنےکی دعوت دی ۔