لاہور چیمبر کی جانب سے خواتین کو شاندار کارکردگی پر سرٹیفکیٹ دئیے گئے

    لاہور چیمبر کی جانب سے خواتین کو شاندار کارکردگی پر سرٹیفکیٹ دئیے گئے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(سٹی رپورٹر)لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے کاروباری شعبہ سے وابستہ خواتین کو ان کے متعلقہ شعبوں میں شاندار کارکردگی پر بہترین کارکردگی کے سرٹیفیکیٹ دئیے۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کاشف انور نے سرٹیفیکیٹ تقسیم کیے جبکہ لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر ظفر محمود چوہدری اور ایگزیکٹو کمیٹی ممبر فریحہ یونس نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔یہاں یہ قابل ذکر ہے کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے وومن انٹرپنیورز کی خدمات کا اعتراف کرنے کے لیے ایوان صدر اسلام آباد میں ایک خصوصی تقریب منعقد کی جس کے مہمان خصوصی صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی مہمان خصوصی تھے جنہوں نے لاہور چیمبر کی کاوشوں کو سراہا۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کاشف انور نے کہا کہ خواتین کی شمولیت کے بغیر معاشرہ اور معیشت نہیں چل سکتے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری خواتین تاجروں کے لیے سخت محنت کر رہا ہے اور ان کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن کوششیں کر رہا ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خواتین تاجر ٹیکس نیٹ کا حصہ بنیں۔

 انہوں نے شرکا کو بتایا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے وومن انٹرپنیورز لاﺅنج قائم کیا ہے جہاں ایگزیکٹو کمیٹی ممبران ان کی رہنمائی کرتے ہیں۔ کاشف انور نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے خواتین کے لیے مختلف ایونٹس منعقد کیے اور خواتین کا عالمی دن بھی منایا۔ لاہور چیمبر کے صدر نے ایوان صدر اسلام آباد میں وومن انٹرپنیورز کے لیے حالیہ تقریب پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ایوان صدر خواتین تاجروں کو فروغ دینے میں گہری دلچسپی لے رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام ایوارڈز خواتین کو دیئے گئے حتیٰ کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداروں نے بھی کوئی ایوارڈ نہیں لیا بلکہ خواتین ای سی ممبران کی حوصلہ افزائی کے لیے ایوارڈز دیے گئے۔کاشف انور نے کہا کہ وہ اپنی ٹیم اور ای سی ممبر فریحہ یونس کے شکر گزار ہیں جنہوں نے اس پورے ایونٹ کے انعقاد میں اہم کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر کاروباری اور معاشی سرگرمیوں میں خواتین کی شرکت کو بڑھانا چاہتا ہے۔ایوارڈ ہولڈرز کا کہنا تھا کہ اس تقریب میں شرکت ان کے لیے ایک بہترین تجربہ تھا اور انہیں اس ایونٹ کے ذریعے دیگر وومن انٹرپنیورز سے ملنے کا موقع ملا۔