بجٹ میں اساتذہ کو انکم ٹیکس میں 75فیصد چھوٹ دی جائے،پروفیسر ہمایوں خان
لاہور( خبرنگار) فیڈریشن آف آل پاکستان اکیڈمک سٹاف ایسو سی ایشن (فپواسا) کے صدر پروفیسر ڈاکٹر ہمایوں خان ، جنرل سیکریٹری ڈاکٹر محبوب حسین، نائب صدر کلیم اللہ اور پنجاب یونیورسٹی اکیڈمک سٹاف ایسو سی ایشن کے صدر پروفیسر ڈاکٹر ساجد رشید احمدسمیت دیگرممبران نے مطالبہ کیا ہے کہ وفاقی بجٹ میں اساتذہ کو انکم ٹیکس کی مد میں 75فیصد چھوٹ بحال کی جائے جو حکومت نے دو سال پہلے کم کر کرکے 40فیصد کر دی تھی۔اپنے مشترکہ بیان میں فپواسا رہنماؤں کا کہنا تھا کہ دو سال پہلے 40فیصد انکم ٹیکس چھوٹ کرنے پر حکومت کی جانب سے انہیں اعتماد میں نہیں لیا گیا۔
اس سلسلے میں فپواسا کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر محبوب حسین تمام صوبائی چیپٹرز کے رہنماؤں کو پہلے ہی ہدایات دے چکے ہیں کہ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے اور اپنی یونیورسٹیوں میں بینرز اور پوسٹرز آویزاں کرکے حکومت کو معاملے کی سنگینی کا احساس دلائیں اور انکم ٹیکس کی مد میں 75فیصد چھوٹ بحالی میں اپنا کردار ادا کریں۔ ڈاکٹر محبوب نے کہا کہ حکومت کی جانب سے اساتذہ کے مطالبے کو نظر انداز کیا گیا تو جلد جنرل باڈی کے اجلاس میں اگلے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔