محکمہ اوقات میں تعمیر و ترقی کے جائزہ کےلئے کور کمیٹی کا اجلاس
لاہور(فلم رپورٹر)سیکرٹری/چیف ایڈ منسٹریٹر اوقاف پنجا ب ڈاکٹر طاہر رضا بخاری کی زیر صدارت محکمانہ تعمیر و ترقی کے جائزے کے لئے اوقاف کور کمیٹی کا اجلاس منعقدہ ہوا،جس میں ایڈیشنل سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر احمد افنان،ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور اوقاف آصف علی فرخ، ڈائریکٹر ایڈ منسٹریشن اوقاف عامر علی چشتی،ڈائریکٹر فنانس اوقاف خالد مسعود فاروکہ،ڈائریکٹر پراجیکٹس اوقاف رفیق نور وٹو، ایم ایس داتا دربار ہسپتال ڈاکٹر عبد الحمید،ڈپٹی ڈائریکٹر آرکیٹیکٹ چوہدری عبد الغفور،ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈ منسٹریشن آصف اعجاز،ڈپٹی ڈائریکٹرز اسٹیٹ عظیم حیات،اسسٹنٹ ڈائریکٹر ز اوقاف طاہر محمود، ایاز حبیب، محمد جہانگیر، قاضی عبد الرزاق،حافظ محمد جاوید شوکت،محمد گلزار،ایڈ منسٹریٹر ز اوقاف توقیر محمود، شاہد حمید ورک،ضیاءمصطفی اورمنیجر اوقاف داتاؒ دربار شیخ محمد جمیل سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں فیس منتقلی کے معاملات،نئے کرایہ جات پر عملدرآمد کی موجودہ صورتحال،کمرشل سکیموں کا جائزہ،نئے مزارات کو ٹیک اوور کرنا، موجودہ نیلامیات و ٹھیکہ جات کا جائزہ،اوقاف بلڈنگ کے امور، مختلف سرکاری محکموں کے زیر استعمال اوقاف اراضیات، وقف بو علی قلندرؒکا معاملہ،اسلامک سینٹر/ قرات، حفظ سینٹر،ماہ مارچ 2023کی آمدن کی صورت حال،بقایاجات کی صورتحال،ایکسل بیس ٹول پروگرام،سیونگ سرٹیفکیٹس، عملہ مساجدکی حاضری، زونل و ضلعی خطباءکی نیلامیوں اور ٹھیکہ جات پر موجودگی، اوقاف پبلیکیشنز، ریسرچ جرنل،عدالتی کیسز جس میں حکم امتناعی کی وجہ سے آمدن وصول نہ ہورہی کے اخراج کی موجودہ صورتحال،بادشاہی مسجد کی تزئین ومرمت،داتاؒدربارہسپتال کی پارکنگ،مزارات ومساجد کی سکیورٹی،سیل شدہ یونٹس کا نیلام عام، ناجائز تجاوزات، وغیرہ کے امورکو زیر غور لایا گیا۔
سیکرٹری اوقاف نے کہا کہ وقف اراضیات سے بہترین مالی وسائل حاصل کر کے محکمانہ تعمیر و ترقی کے کاموں کو آگے بڑھائیں، انہوں نے محکمہ کے مختلف شعبہ جات کی کارکردگی کو سراہا اور بالخصوص مالی اہداف کے حصول کے حوالے سے فیلڈ افسران کی محنت کی تعریف کی۔ انہوں مزید کہا کہ گورننس کو بہتر اور وقف اثاثہ جات کو محفوظ و مفید بنانا بنیادی ترجیح ہے۔ ملازمین کو اپنی استعداد کار بڑھانے کی طرف خصوصی توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔ اوقاف ڈیپارٹمنٹ کے " ایکشن پلان2023ئ " کے مطابق محکمانہ ریفارمز، محصولات ِ زر کی بر وقت وصولی، اوقاف ایمپلائز کی ویلفیئر، برسوں سے التوائ کا شکار اوقاف کمرشل پالیسی کا موثر آغاز و اجرائ اور محکمانہ وسائل میں اضافہ اور ان کا صحیح استعمال، بطور خاص شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وقف کی اسلامی روایت اور تاریخ بہت معتبر ہے۔ اس کی حرمت کو مضبوط بنا نے اور سوسائٹی کے لئے اسے مفیدبنانے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ وقف پراپرٹیز سے آمدن کے امکانات کو مزیدنفع بخش بنا کر اوقاف اور وقف عمارات بالخصوص مساجد و مزارات کی تعمیر و ترقی کو یقینی بنایا جائے گا۔ اوقاف اراضی پر کمرشل پراجیکٹس قائم کیئے جائیں گے، جس سے عامتہ الناس کے فائدے کے ساتھ اوقاف کے وسائل میں بھی اضافہ ہوگا۔ وقف اراضیات کی نیلامیوں کو مارکیٹ ریٹ کے مطابق کیا جائے گا۔ صدر دفتر کی سطح پر مانیٹرنگ کا موثر نظام وضع کردیا گیا ہے، جس سے محکمہ کی آمدن سے اضافہ ہوگا۔