حکومت اور تحریک انصاف کے انتخابات پر مذاکرات ، کیا تاریخیں تجویز کی گئی ہیں؟ اندرونی کہانی سامنے آ گئی
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )انتخابات کے معاملے پر حکومتی اتحاد اور تحریک انصاف کے درمیان ہونے والے مذاکرات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی ہے ۔
نجی ٹی وی دنیا نیوز نے ذرائع سے دعویٰ کیاہے کہ حکومت اتحاد نے پی ٹی آئی کو الیکشن کیلئے 15 ستمبر کی تاریخ تجویز کر دی ہے جبکہ پی ٹی آئی نے حکومت کو 15 اگست کو انتخابات کی تاریخ تجویز کی ہے ، پی ٹی آئی چاہتی ہے کہ 14 مئی سے پہلے اسمبلیوں کو تحلیل کیا جائے لیکن حکومتی اتحاد نے 15 جولائی کو اسمبلیوں کو تحلیل کرنے کی تجویز دی ہے ۔دونوں فریقین کی جانب سے قائدین سے مشاورت کا وقت مانگ لیا گیاہے ۔
مذاکراتی ٹیموں نے مذاکراتی عمل پر بیان بازی روکنے اور اتفاق رائے کی صورت میں انتخابی نتائج تسلیم کرنے کے معاملے پر اتفاق کر لیاہے ۔ایک دو روز میں فریقین مشاورت مکمل کر کے دوبارہ رابطہ کریں گے ، پی ٹی آئی نے وفاقی وزراءکی بیان بازی اور گرفتاریوں پر اعتراض اٹھایا جبکہ حکومتی اتحادیوں نے عمران خان کے یو ٹرن کے خدشات پر اظہار تشویش کیاہے ۔