جے یو آئی آئینی عدالت کے قیام کے حق میں کیوں نہیں ۔۔؟ 2وجوہات سامنے آ گئیں
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)جمعیت علمائے اسلام کے سینئر رہنما اور سینیٹر کامران مرتضیٰ نے کہا ہے کہ اس وقت ترمیم ہماری ضرورت نہیں ہے یہ ضرورت حکومت اور ان کے اتحادیوں کی ہے اس لیے ان کے ذہنوں میں جو کچھ ہے وہ ہم سے شیئر کریں ۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار نجی ٹی وی کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔پروگرام میں سینیٹر عرفان صدیقی نے بھی شرکت کی ۔
اس سوال پر کہ جے یو آئی آئینی عدالت کے قیام کے حق میں ہے؟ کے جواب میں کامران مرتضیٰ نے کہا کہ 2 وجوہات ہیں جس کی وجہ سے اس کے حق میں نہیں ہیں ایک وجہ جو وقت چنا گیا، یہ مناسب نہیں ، دوسرا پاکستانی عوام کا بھی اس پر فیصلہ ضروری ہے اس وقت تک کوئی معاملہ سیٹل نہیں ہوگا ۔
سینیٹر کامران مرتضیٰ نے کہا اس وقت بھی صورتحال وہی ہے جو پہلے تھی اور پہلے بھی حکومت اور پیپلز پارٹی کا یہی خیال تھا کہ ہم ان کی حمایت کریں گے مگر نہیں اور اب بھی ایسی کوئی بات نہیں،تاہم جو مسودہ بلاول بھٹو کی جانب سے دیا گیا ہے اس پر مولانا فضل الرحمان سے ملاقات ہوگی اور اس پر بات ہوگی ۔ اس وقت تک کوئی نئی ڈیولپمنٹ نہیں ۔
اس سوال پر کہ کیا تحریک انصاف بھی کسی قسم کے آئینی ترامیم کے حق میں ہے کہ جواب میں کامران مرتضیٰ نے کہا میری سلمان اکرم راجہ اور کچھ اور دیگر سے ملاقات ہوئی ہے اور کچھ باتیں بھی ہوئی ہیں ان کا مطالبہ تھا کہ جو حکومت نے 15 ستمبر سے پہلے ڈاکیومنٹس جے یو آئی کے ساتھ شیئر کیا ہے اس کو ان کے ساتھ شیئر کیا جائے لیکن ہمیں ڈاکیومنٹ دیتے وقت کہا گیا تھا کہ اس کو شیئر نہ کیا جائے اس لیے جب تک ہمیں اجازت نہ ہوگی ہم کیسے شیئر کریں گے ۔