ترامیم کی تراش خراش مولانا فضل الرحمان کی رضا مندی اور خواہش کے مطابق ہوگئی ہے: سینیٹر عرفان صدیقی
کراچی ( مانیٹرنگ ڈیسک )سینیٹر عرفان صدیقی نے کہاکہ مولانا فضل الرحمان کو انٹرا پارٹی الیکشن میں ان کے منتخب ہونے پر مبارک باد دینے گیا تھا ، ترامیم کی تراش خراش مولانا کی رضا مندی اور خواہش کے مطابق ہوگئی ہے اور مولانا کی جو رائے اور سوچ ہے اس کے قریب تر پیپلزپارٹی بھی آگئی ہے اور ہم بھی آگئے ہیں۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار نجی ٹی وی کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔پروگرام میں جمعیت علمائے اسلام کے سینئر رہنما اور سینیٹر کامران مرتضیٰ نے بھی شرکت کی ۔
سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا میں نے جس سطح تک ہم آگئے ہیں اس میں میں نہیں سمجھتا کہ ہفتہ دس دن سے بات آگے جائے ،اختلاف یا تحفظات ان کے جزئیات میں آتی ہیں اور وہ جزئیات بھی میرے خیال میں مولانا کی مرضی کے مطابق ڈھلتی جارہی ہیں اور اگر کوئی چیز رہ گئی ہے تو وہ بھی آجائے گی ۔ تاہم بے یقینی اب بھی قائم ہے ، مولانا چاہتے ہیں سب کو ساتھ لے کر چلیں جس پر ہمیں کوئی اعتراض نہیں ۔
میاں نواز شریف کی لندن روانگی کے حوالے سے سینیٹر عرفان صدیقی کا کہنا تھا میاں صاحب کا خیال یہ ہے کہ وہ ادھر ہی رہتے ہوئے اس معاملے کو دیکھیں ۔اسی وجہ سے انہوں نے ڈاکٹروں سے اپائنٹمنٹ کو بھی آگے بڑھادیا ہے۔