وفاقی دارالحکومت میں بلاول بھٹو زرداری اور امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کی اہم ملاقات
اسلام آباد ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) وفاقی دارالحکومت میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کی اہم ملاقات ہوئی ۔حافظ نعیم الرحمان نے بلاول کو 7 اکتوبر کے احتجاج میں شرکت کی دعوت دیدی۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جماعتِ اسلامی سے ملاقات میں فلسطین کے مسئلے پر بات ہوئی، فلسطین میں مسلمان کی سر زمین پر قبضے کی ایک نئی مہم اسرائیل نے 7 اکتوبر سے شروع کی۔ اسرائیل کی پوری سازش میں غزہ کے مسلمانوں کا قتلِ عام کیا گیا، اسرائیل کو عالمی انسانی حقوق کی کوئی پرواہ نہیں، اسرائیل نے لبنان میں موبائل فون اور پیجر کو بموں میں تبدیل کیا۔
"جنگ " کے مطابق بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ جماعتِ اسلامی اور پیپلز پارٹی کے سیاسی اختلاف ایک طرف فلسطین کے مسئلے پر ایک پیج پر ہیں، فلسطین کی صورتِ حال پر تمام پاکستان کو ایک پیج پر ہونا چاہیے۔جماعت اسلامی کی غزہ میں مسلمانوں کے قتلِ عام کی آگاہی پر تعریف کرتے ہیں۔
مفتی منیب نے جماعتِ اسلامی کے الاقصیٰ ملین مارچ کی حمایت کر دی
اس موقع پر حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اسرائیل ایک سال سے غزہ کے لوگوں کی نسل کشی کررہا ہے، بد قسمتی سے اسرائیل کو روکنے والا کوئی نہیں، امریکہ اس کی پشت پر کھڑا ہے۔ہ فلسطین کے مسئلے پر مسلم عوام کو ساتھ دینا ہوگا، بلاول بھٹو زرداری اور پیپلزپارٹی کی ٹیم سے اچھی میٹنگ ہوئی۔ پیپلز پارٹی کو 7 اکتوبر کے احتجاج میں شرکت کی دعوت دی ہے، فلسطین کے مسئلے پر جماعت اسلامی اور ذوالفقار بھٹو کا مضبوط مؤقف رہا ہے۔