یوم خواندگی پر بیسٹ ٹیچر ایوارڈ، اساتذہ میں ٹیبلٹ تقسیم کیے جائیں گے: وزیر تعلیم پنجاب
لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی زیر صدارت عالمی یوم خواندگی کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں انہوں نے محکمہ نان فارمل ایجوکیشن کو یوم خواندگی بھرپور انداز میں منانے اور لٹریسی ڈے کی اہمیت کے پیش نظر تمام اضلاع میں تقاریب کے انعقاد کی ہدایت کی اور کہا کہ لٹریسی ڈے منانے کا مقصد چونکہ معاشرے میں تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔ لہٰذا یوم خواندگی کے موقع پر وسیع پیمانے پر آگاہی مہم بھی چلائی جائے اور اسے بھرپور انداز میں منانے کیلئے موثر حکمت عملی وضع کی جائے۔
سیکرٹری لٹریسی سید حیدر اقبال نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ انٹرنیشنل لٹریسی ڈے کی خصوصی اور مرکزی تقریب 90 شاہراہ قائد اعظم میں منعقد ہوگی جس میں وزیر اعلیٰ پنجاب کو بھی مدعو کیا جائے گا جبکہ تقریب میں اساتذہ کو بیسٹ ٹیچر ایوارڈ دینے کے ساتھ ساتھ 300 ٹیبلٹس بھی تقسیم کیے جائیں گے۔ وزیر تعلیم نے اجلاس کو نان فارمل سکولوں کی خواتین اساتذہ کی بالخصوص حوصلہ افزائی کی ہدایت کی جبکہ نان فارمل سکولوں میں زیرو فیک انرولمنٹ کی بھی تحسین کی۔ انہوں نے کہا کہ لٹریسی ڈیپارٹمنٹ آؤٹ آف سکول بچوں کے چیلنج سے نبٹنے میں معاون ثابت ہو رہا ہے۔