لاہور چیمبرکاسندھ میں پانی بحران کے متعلق سیاسی رہنماؤں کے بیان پراحتجاج

لاہور چیمبرکاسندھ میں پانی بحران کے متعلق سیاسی رہنماؤں کے بیان پراحتجاج

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر کے نائب صدر محمد ناصر حمید خان نے سندھ کی سیاسی شخصیت کی جانب سے ایک مرتبہ پھر سندھ میں پانی کے بحران کی ذمہ داری اپنے کندھوں سے اْتار کر وفاق اور پنجاب پر ڈالنے اور ڈیموں میں پانی کی کمی کو سازش قرار دینے کے بیان پر سخت احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ نہ صرف سندھ بلکہ پورے ملک میں پانی کے بحران کے ذمہ دار الزام تراشی کرنے والے لوگ خود ہیں جو کالاباغ ڈیم جیسے اہم منصوبوں کی مخالفت کرکے ملک کو بنجر بنانے کے درپے ہیں۔ ایک بیان میں محمد ناصر حمید خان نے کہا کہ سیاسی دکانداری چمکانے کے لیے اپنی غلطیوں کا ملبہ دوسروں پر ڈالنا درست نہیں ہے، ڈیموں میں پانی کی کی قلت کم بارشوں کی وجہ سے ہے جبکہ ان ڈیموں میں پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت میں بھی نمایاں کمی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ چار دہائیوں کے دوران ملک میں کوئی بڑا ڈیم تعمیر نہیں کیا گیا، کالاباغ ڈیم ملک کے لیے ناگزیر ہے مگر جب بھی اس کی تعمیر کی بات ہوئی اْن ہی سیاسی عناصر نے سب سے زیادہ مخالفت کی جو آج سندھ میں پانی کی کمی کا ذمہ دار وفاق اور پنجاب کو ٹھہرا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کالاباغ ڈیم نہ ہونے کی وجہ سے ہر سال ساڑھے تین ملین ایکڑ فٹ پانی سمندر میں گر کرضائع ہوجاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پانی کے بحران کا اصل ذمہ دار بھارت ہے جو پاکستان کے پانیوں پر بھی ڈاکے مار رہا ہے لیکن وفاق اور پنجاب پر ملبہ ڈالنے والوں نے کبھی بھارت کی مذمت نہیں کی۔ لاہور چیمبر کے نائب صدر نے کہا کہ اگر ان سیاسی عناصر کو واقعی ہی سندھ کے عوام سے ہمدردی ہے تو یہ کالاباغ ڈیم کی تعمیر کے حق میں آواز بلند کریں کیونکہ اس سے سندھ کو تمام موسموں میں اضافی پانی میسر آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ کالاباغ ڈیم کسی ایک صوبے کا نہیں بلکہ پورے ملک کا منصوبہ ہے اور اس سے تمام صوبے یکساں طور پر مستفید ہونگے ۔ انہوں نے تمام سیاسی رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ سیاسی دکانداری چمکانے کے لیے پانی کے بحران کی ذمہ داری دوسروں پر ڈالنے کے بجائے کالاباغ ڈیم کی راہ ہموار کریں۔

مزید :

کامرس -