حکومت نے نابینا افراد کے لئے مثالی اقدامات کئے،وحید اختر انصاری

حکومت نے نابینا افراد کے لئے مثالی اقدامات کئے،وحید اختر انصاری

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور ( لیڈی رپورٹر) معذور افراد بالخصوص نابینا افراد کے لیے موجودہ حکومت نے جو اقدامات اٹھائے ہیں ماضی میں ان کی کوئی مثال نہیں ملتی۔اس دور حکومت میں خصوصی افراد کو محض وظائف پر نہیں رکھا گیا بلکہ انھیں خود کفالت کی طرف مائل کیا گیا ہے اور اس مقصد کے لیے انھیں فنی تربیت کے بہترین مواقع مہیا کیے گئے ہیں۔ سرکاری ، نیم سرکاری اور نجی محکموں میں ان کے لیے ملازمتوں کو یقینی بنایا گیا ہے ۔ سکولوں ،کالجوں اور یونیورسٹیوں میں داخلے کے لیے عمر اور اخراجات میں خصوصی رعایت دی جا رہی ہے۔ ٹرانسپورٹرز کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ اپنی بسوں اور لاریوں میں معذور افرادکے لیے نشستیں مخصوص کریں ۔
اور کرایوں میں نصف سے زائد رعایت دی جائے۔ ضلعی سطح پر نابینا افراد کی بحالی کے لیے خصوصی سینٹرز قائم کیے گئے ہیں جہاں ڈسٹرکٹ آفیسرز بہترین انداز میں اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں اس حوالے سے کسی قسم کی کوئی شکایت ہیڈ آفس میں موصول نہیں ہوئی ۔ اسٹیک ہولڈز کو ان تمام اقدامات کے حوالے سے جہاں بھی کوئی شکایت ہو گی محکمہ اس کا فوری ازالہ کرے گا اس کے لیے سڑکوں پر آنے کی ضرورت ہے نہ کسی اور انتہائی حد تک جانے کی۔اس عزم کا اعادہ ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیر وحید اختر انصاری نے اپنے دفتر میں احتجاج کی غرض سے آنے والے نابینا افراد سے مذاکرات کے دوران کیا۔ نابینا افراد کی جانب سے آنے والی زیادہ تر شکایات انفرادی نوعیت کی تھیں جن میں نجی اداروں میں تعینات افراد کے کنٹریکٹ کی معیاد کا خاتمہ اور تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر شامل تھی۔ ڈائریکٹر جنرل نے متاثرہ افراد کو یقین دلایا کہ وہ متعلقہ اداروں سے رابطہ کر کے ان کے مسائل فوری حل کروائیں گے۔