شہدائے پولیس قوم کا فخر ،سلام پیش کرتے ہیں، وزیراعظم شہبازشریف
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعظم شہبازشریف نے پولیس کے شہید افسران اور اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ شہدائے پولیس قوم کا فخر ہیں، قوم شہید پولیس اہلکاروں کو سلام پیش کرتی ہے۔
نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کاکہناتھا کہ یوم شہدائے پولیس، بہادر پولیس افسران، اہلکاروں کی جرأت، بہادری کو یاد کرنے کا دن ہے،جرائم کی سرکوبی میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس اہلکاروں کی قربانیاں لازوال ہیں،دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پولیس نے ہمیشہ بطور ہر اول دستہ ذمے داریاں نبھائیں ۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہاکہ شہدائے پولیس قوم کا فخر ہیں، قوم شہید پولیس اہلکاروں کو سلام پیش کرتی ہے ،شہید افسران، اہلکاروں کے خاندانوں کا خیال رکھنا حکومت کی ذمے داری ہے،وفاقی حکومت شہدا کے بچوں کی تعلیم ، صحت کیلئے ہر ممکن اقدامات کرے گی،بطور وزیراعلیٰ پنجاب شہدائے پولیس کے خاندانوں کیلئے تاریخی پیکیج دیا تھا۔