کیا اسلام آباد ہائیکورٹ اس ملک کے نظام کو ٹیک اوور کرلے؟جسٹس گل حسن اورنگزیب کے پی سی بی کے امور الیکشن کمشنر کے حوالے کرنے کے نوٹیفکیشن کیخلاف درخواست پر ریمارکس
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)اسلام آباد ہائیکورٹ نےپی سی بی کے امور الیکشن کمشنر کے حوالے کرنے کے نوٹی فکیشن کے خلاف درخواست پر دلائل طلب کرلئے ، جسٹس گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیتے ہوئے کہاکہ کیا اسلام آباد ہائیکورٹ اس ملک کے نظام کو ٹیک اوور کرلے؟
نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں پی سی بی کے امور الیکشن کمشنر کے حوالے کرنے کے نوٹی فکیشن کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔
جسٹس گل حسن اورنگزیب نے استفسار کیاکہ کیا لاہور ہائیکورٹ سے کوئی فیصلہ آیا ہے؟وکیل درخواست گزار نے کہاکہ بلوچستان ہائیکورٹ سے ریلیف ملا ہے، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہاکہ آپ نے صرف یہ کہا تھا یہ تعیناتیاں اپریل میں ہوئیں،پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ بھی دیکھ لیتے ہیں،آپ نے 5مختلف ہائیکورٹ سے رجوع کر رکھا ہے، ایک عدالت حکم امتناع پر فیصلہ دے چکی ہے، عدالت نے استفسار کیا اسلام آباد ہائیکورٹ پی سی بی کے معاملات میں کیسے مداخلت کر سکتی ہے؟
جسٹس گل حسن اورنگزیب نے کہاکہ سپورٹس کلب کی اپنی تنظیمیں اور سٹرکچر ہوتے ہیں، جسٹس گل حسن اورنگزیب نے استفسار کیا کہ بلوچستان ہائیکورٹ نے کیا فیصلہ دیا؟عدالت نے کہاکہ کلب اور ایسوسی ایشنز کے اپنے اور الیکشن کمیشن کا اپنا طریقہ کار ہوتا ہے، جسٹس گل حسن اورنگزیب نے کہاکہ عدالت کی مداخلت نہیں ہونی چاہئے،وکیل درخواست گزار نے کہاکہ یہ عوامی مفاد کا معاملہ ہے، جسٹس گل حسن اورنگزیب نے استفسار کیا کہ کیا اسلام آباد ہائیکورٹ اس ملک کے نظام کو ٹیک اوور کرلے؟اسلام آباد ہائیکورٹ نے درخواست پر دلائل طلب کرلئے ۔