آئی ایم ایف معاہدے کے باوجود فچ کا پاکستانی معیشت پر خدشات کا اظہار
نیو یارک (ڈیلی پاکستان آن لائن)موڈیز کے بعد ایک اور عالمی ریٹنگ ایجنسی فچ نے بھی انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ معاہدے کے باوجود پاکستان کی معیشت پر خدشات کا اظہار کیا ہے۔امریکی میڈیا کے مطابق فچ نے کہا ہے کہ پاکستان کو قرضوں کی ادائیگی اور معاشی بحالی کےلیے آئی ایم ایف فنڈنگ کے علاوہ بھی فنانسنگ درکار ہوگی۔
ریٹنگ ایجنسی کے مطابق اگر کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ دوبارہ بڑھتا ہے تو آئی ایم ایف فنڈنگ بھی ناکافی ثابت ہوگی۔گزشتہ روز موڈیز نے کہا تھا کہ پاکستان کے نئے آئی ایم ایف پروگرام میں جانے کی بات انتخابات کے بعد ہی واضح ہوگی۔9ماہ کے پروگرام میں پاکستان کو آئی ایم ایف کا مکمل 3 ارب ڈالر فنڈ ملنا غیریقینی ہے۔ریٹنگ ایجنسیز کا کہنا ہے کہ پاکستان کو رواں مالی سال میں 25 ارب ڈالر قرض کی ادائیگی کرنا ہے، قرض ادائیگیوں کی رقم پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر سے 7 گنا زیادہ ہے۔