عمران خان 11 مئی کے احتجاج کیلئے ہم سے رابطہ نہیں کرینگے:خورشید شاہ
سکھر (مانیٹرنگ ڈیسک )قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کا یہ کہنا کہ پی پی ان کے زخموں پر نمک پاشی کر رہی ہے افسوسناک ہے۔ وہ ہماری اتحاد ی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان 11 مئی کے احتجاج کے حوالے سے ہم سے رابطہ نہیں کرینگے۔سکھر ائیر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید خورشید احمد شا ہ کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم اب سندھ حکومت میں ہے۔وزیر اعلیٰ سندھ اور گورنر ان کے ہیں مل بیٹھ کر مسئلہ کا حل نکالنا چاہئے ورنہ چھوٹے چھوٹے مسئلے بڑے بن جاتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ سیاستدان وہ ہوتا ہے جو اپنے موقف پر قائم رہے،عمران خان پہلے چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری ، جیو اور جنگ گروپ کی تعریف کرتے نہیں تھکتے تھے اب شاید ان کا ایجنڈا ہی تبدیل ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان 11 مئی کے احتجاج کے حوالے سے ہم سے رابطہ نہیں کرینگے کیونکہ ان کا اور ہمارا ایجنڈا الگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیو اور جنگ گروپ نے ہمارے دور حکومت میں ہم پر بلا وجہ تنقیدکی، پی پی پی شہیدوں کی پارٹی ہے جو اس کے ساتھ برا کرتا ہے وہ یہیں پر سزا بھگتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا پر بندش غلط روایت ہے صحافیوں کو بھی ذمہ دارانہ صحافت کرنی چاہئے۔کسی کی پگڑیاں نہ اچھالی جائیں مگر جیو کی یہ تاریخ رہی ہے۔ پہلی بات جیو گروپ کے گرد گھیرا تنگ کیا ہے تو اب ان کو اچھے سیاستدان یاد آ رہے ہیں۔