وسیم اکرم نے بابراعظم کے کپتانی سے استعفیٰ دینے پر رد عمل جاری کر دیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے وائٹ بال کے کپتان بابراعظم کے کپتانی سے دستبردار ہونے کے فیصلے کی حمایت کردی ہے۔
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق قومی ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا کہ قیادت سے دستبردار ہونے کے بعد بابراعظم اپنی بیٹنگ پر توجہ دے سکیں گے اور غیر ضروری دباؤ بھی ختم ہوجائے گا۔انہوں نے کہا کہ دوستوں اور قریبی ساتھیوں سے مشورے کے بعد بابراعظم نے کپتانی چھوڑنے کا فیصلہ سوچ سمجھ کر کیا ہوگا۔ ایسے فیصلے آسان نہیں ہوتے میں بابر کیساتھ کھڑا ہوں، اسے اپنی کرکٹ سے لطف اندوز ہونا چاہیے اور بیٹنگ پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز بابراعظم نے سوشل میڈیا کے ذریعے کپتانی سے مستعفیٰ ہونے کا اعلان کیا تھا۔دوسری جانب کپتانی سے مستعفیٰ ہونے کے بعد بابراعظم کی جگہ قیادت کیلئے محمد رضوان مضبوط دعویدار ہیں تاہم حتمی اعلان چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کریں گے۔