ہاکی کی بحالی کا مشن، فروری میں پاکستان اور جرمنی کے درمیان ہاکی سیریز ہوگی
لاہور(سپورٹس رپورٹر)ہاکی کی بحالی کیلئے سپورٹس بورڈ پنجاب اور خواجہ جنید ہاکی اکیڈمی نے بڑا اقدام اٹھا لیا ہے فروری میں جرمنی کے ساتھ ہاکی میچز کرانے اعلان کردیاہے،ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب پرویز اقبال سے اسلام آباد جرمن ایمبیسی کے ہیڈ آف کمیونیکیشن کلچرل افیئرز اینڈ پروٹوکول مسٹرجین گیرالڈ کروسر کی پاک جرمن ہاکی سیریز کرانے کے حوالے سے ملاقات ہوئی ہے اس موقع پرڈی جی سپورٹس پنجاب نے مسٹرجین گیرالڈ کروسرکو نیشنل ہاکی سٹیڈیم کا دورہ کروایا ہے،ڈی جی سپورٹس پنجاب پرویز اقبال اور اولمپئن خواجہ جنید نے جرمن آفیشل کو نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں سہولیات کے بارے بریفنگ دی،جس پر جرمن آفیشل نے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب پرویز اقبال نے اس موقع پر کہا ہے کہ فروری میں پاکستان اور جرمنی کی جونیئر ٹیموں کے درمیان نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں میچز ہوں گے،ہمارا مقصد پاکستان ہاکی کی ترقی اور بحالی ہے، جرمنی کی ٹیموں کے پاکستان آنے سے ہاکی کلچرپروان چڑھے گا، جرمن ٹیموں کی پاکستان آمد سے مقامی ہاکی کوفائدہ ہوگا۔ اسلام آباد میں جرمن ایمبیسی کے ہیڈ آف کمیونیکیشن کلچرل افیئرز اینڈ پروٹوکول مسٹرجین گیرالڈ کروسر نے اس موقع پرکہا ہے کہ لاہور کاہاکی سٹیڈیم تاریخی اور شاندار ہے،پاکستان میں ہاکی کے بڑے نام موجود ہیں،فروری میں جرمن ٹیمیں پاکستان کا دورہ کریں گی۔
اولمپئن خواجہ جنیدنے اس موقع پرکہا ہے کہ جرمنی کی ٹیموں کا پاکستان آنا ہماری ہاکی کیلئے اہم ہے، سپورٹس بورڈ پنجاب کے تعاون سے جرمنی کے ساتھ ہاکی سیریز ہوگی۔ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب پرویز اقبال نے اسلام آباد جرمن ایمبیسی کے ہیڈ آف کمیونیکیشن کلچرل افیئرز اینڈ پروٹوکول مسٹرجین گیرالڈ کو سپورٹس بورڈ پنجاب سوینئر پیش کیا اور گروپ فوٹوز بھی بنوائے، اس موقع پرڈائریکٹرسپورٹس یاسمین اختر، جنید چھٹہ اور یوسف انجم بھی موجود تھے۔