شہریوں کوون ویلنگ سے روکنے کیلئے فیصل چوک سے ریگل تک واک

شہریوں کوون ویلنگ سے روکنے کیلئے فیصل چوک سے ریگل تک واک

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (کر ائم رپورٹر ) چیف ٹریفک آفیسر لاہورطیب حفیظ چیمہ نے شہریوں کوون ویلنگ جیسے خونی کھیل سے دور رکھنے اورمحفوظ سفر کا شعور بیدار کرنے کیلئے فیصل چوک مال روڈ پر لگائے گئے ٹریفک آگاہی کیمپ کا دورہ کیا۔اٹلس ہنڈا کی معاونت سے لگائے گئے کیمپ میں سی ٹی او کے ہمراہ مینجر اٹلس ہنڈا تسلیم شجاع ،مقامی سماجی تنظیم کے عہدیدارسید ذوالفقار حسین،مختلف سکولوں کے بچے، میڈیا کے نمائندے اور شہری شریک تھے۔سی ٹی او طیب حفیظ چیمہ کی قیادت میں طلباء وطالبات نے ٹریفک ایجوکیشن یونٹ اور شہریوں کے ہمراہ فیصل چوک سے ریگل چوک تک واک کی ،بچوں نے ون ویلنگ کے انجام اور شعور بیداری بارے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے،اس دوران شہریوں میں آگاہی پمفلٹس بھی تقسیم کئے گئے۔سی ٹی او نے کہا کہ 15جولائی سے شروع ہونے والی ٹریفک آگاہی مہم 14اگست تک جاری رہے گی۔انہوں نے انچارج ٹریفک ایجوکیشن ٹیم کو ہدایت کی کہ شہریوں کو خصوصی طور پرون ویلنگ کے نقصانات بارے بریف کرتے ہوئے روڈ سیفٹی ،ون ویلنگ بارے لیکچر ز کا باقاعدگی سے اہتمام کریں ۔طیب حفیظ چیمہ نے آگاہی کیمپ میں لیکچرکے دوران کہا کہ ہم سب کااخلاقی فرض ہے کہ ہم اپنے پیاروں کواس کھیل سے دوررکھیں، نوجوان نسل مستقبل کاقیمتی اثاثہ ہیں اور ملک وقوم کے مستقبل کوون ویلنگ کی نذر ہو نے نہیں دیا جا ئے گابلکہ ہمیں انکی توانائیوں کوتعمیراتی کاموں کیلئے وقف کرناچاہیے۔ سی ٹی او نے میڈیا کو بریف کرتے ہوئے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس ون ویلنگ کے خاتمے اور ٹریفک قوانین کی پاسداری کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے ایسے میں نوجوان نسل کو اس خونی کھیل سے دور رکھنے میں میڈیا اور والدین کوبھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

مزید :

علاقائی -