’’ساہیوال کول پاور پلانٹ رفتار اورمعیار میں مثال‘‘شہبازشریف کی ’’پنجاب سپیڈ ‘‘کا ایک بار پھر ذکر،چینی بھی حیران

’’ساہیوال کول پاور پلانٹ رفتار اورمعیار میں مثال‘‘شہبازشریف کی ’’پنجاب ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ساہیوال کول پاور پلانٹ کے دورے کے موقع پر منصوبے پر کام کی رفتار اورمعیار کی تعریف کی۔وزیراعلیٰ نے ترقیاتی منصوبوں خصوصاً توانائی پراجیکٹس کی تکمیل کے حوالے سے سابق دورحکومت اورپاکستان مسلم لیگ (ن) کے موجودہ دور کا مدلل انداز میں موازنہ کیا ۔وزیراعلیٰ نے احتجاج اورمنفی سیاست کرنیوالوں کو ایک بار پھر آڑے ہاتھوں لیااوران پر کڑی تنقید کی اورکہا کہ ان کو ملک و قوم کی ترقی کیلئے منفی سیاست کو ترک کردینا چاہیے ۔وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف نے اپنے آپ کو احتساب کیلئے پیش کیا ہے تو اپوزیشن کو بھی مثبت رویہ اختیار کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت 36ارب ڈالر توانائی کے منصوبوں پر صرف کیے جارہے ہیں 11ارب ڈالر کے منصوبے سندھ جبکہ ساڑھے چھ ارب ڈالر کے منصوبے پنجاب میں لگائے جارہے ہیں،اس لئے غلط اعداد و شمار دے کر قوم کو گمراہ کرنا عوام کے ساتھ بڑی زیادتی ہے ۔ اپوزیشن دھرنوں اور احتجاج سے ملک میں تیزرفتار معاشی ترقی کے عمل کو روکنا چاہتی ہے جو سراسر ملک کے 20کروڑ عوام پر ظلم کے مترادف ہے ۔وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ پاکستان ہم سب کا ہے اور ہمیں ملکر ہی اسے مضبوط بنانا ہے ۔ توانائی منصوبوں پر برق رفتاری سے کام کا تذکرہ کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ توانائی کے منصوبوں پر تیزرفتاری سے کام پر چین کے عوام اور حکام بھی حیران ہیں اور یہ چینی کمپنیوں کے باہمی تعاون کے بدولت ہی ممکن ہوا ہے ۔چین کے قومی ادارہ توانائی کے نائب منتظم لی فزوگ نے پنجاب کی تیزرفتار ترقی کو سراہااورکہا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف کی قیادت میں پنجاب میں منصوبوں کو جس تیزرفتاری سے مکمل کیاجارہا ہے وہ لائق تحسین ہے اور چین میں بھی اب ’’پنجاب سپیڈ ‘‘کی اصطلاح عام ہوچکی ہے ،جس کا کریڈٹ وزیراعلیٰ شہبازشریف کو جاتا ہے ۔
پنجاب سپیڈ

مزید :

صفحہ اول -