گنڈاپور کے پاس ایک قیدی کیلئے تو وقت ہے مگر پشتون کے بہتر مستقبل کیلیے نہیں: عظمیٰ بخاری
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اطلاعات پنجاب عظمٰی بخاری نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا و کرم میں امن و امان کے لیے آل پارٹیز کانفرنس میں صوبائی حکومت کا شرکت سے انکار شرمناک ہے۔ پی ٹی آئی کی تیسری بغاوت ناکام ہونے پر پشتون کارڈ کھیلنا قابل مذمت ہے۔ گنڈاپور کے پاس ایک قیدی کیلئے تو وقت ہے مگر پشتون کے بہتر مستقبل کے لیے نہیں ہے۔
وزیر اطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کہ جو جماعت 12سال خیبرپختونخوا میں اقتدار میں ہے اسے صوبے میں امن نہیں چاہیے۔ جب تمام تحریکیں تمام کارڈ پٹ گئے تو پشتون کارڈ کو لسانیت کے طور استعمال کیا جارہا ہے۔ پشتونوں کے بچوں کو عمران خان اور بشریٰ بی بی اپنے ناپاک عزائم کےلیےاستعمال کررہے ہیں۔ کے پی میں امن و امان کی صورتحال تشویشناک حد تک پہنچ گئی ہے۔ علی امین گنڈا پور کو صوبے میں قیام امن کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز کو اکٹھا کرنا چاہیے تھا۔ کرم، خیبر،بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں آئے روز دہشتگردی کے واقعات ہورہے ہیں۔
عظمٰی بخاری نے مزید کہا کہ فوج،پولیس اور دیگر سیکیورٹی فورسز ارض پاک کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کررہی ہیں۔ فتنہ پارٹی انہی سیکیورٹی فورسز کے خلاف گھٹیا مہم چلانے میں مصروف ہے۔علی امین کو صوبے کے لوگوں کے مستقبل سے دلچسپی نہیں تو مستعفی ہوجائے۔ ویسے بھی انکا کرسی پر بیٹھے رہنا پشتونوں کےلیے نیک شگون نہیں ہے۔