جنوبی وزیرستان اور لکی مروت میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشنز ،8خوارج جہنم واصل ، 2گرفتار
راولپنڈی( ڈیلی پاکستان آن لائن )05 دسمبر کو صوبہ خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کیے گئے 2الگ الگ آپریشنز میں8خوارج کو جہنم واصل کر دیا گیا ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر جنوبی وزیرستان کے علاقے سراروغہ میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا گیا۔ آپریشن کے دوران، سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے مقام پر مؤثر انداز میں کارروائی کی جس کے نتیجے میں خوارج کے سرغنہ خان محمد کھوری سمیت 2 خوارج مارے گئے، جب کہ 2 خوارج کو گرفتار کر لیا گیا۔ مارا گیا خارجی خان محمد کھورے علاقے میں ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری سمیت دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھا۔ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھا اور حکومت نے اس پر 1 ملین کی ہیڈ منی بھی مقرر کی تھی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایک اور انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن ضلع لکی مروت میں کیا گیا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے 6 خوارج کو کامیابی سے بے اثر کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں پائے جانے والے کسی اور خارجی کو ختم کرنے کے لیے کاروائیاں کی جا رہی ہیں، کیونکہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔