قائمہ کمیٹی دفاعی پیداوار کا گوادر شپ یارڈ پر کام روکنے پر تحفظات کا اظہار

قائمہ کمیٹی دفاعی پیداوار کا گوادر شپ یارڈ پر کام روکنے پر تحفظات کا اظہار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد (این این آئی) سینٹ کی قائمہ کمیٹی دفاعی پیداوار نے گوادر شپ یارڈ پرکام روکے جانے پر شدید تحفظات کااظہار کرتے ہوئے منصوبے میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کیلئے بلوچستان حکومت کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔منگل کو سینٹ کی قائمہ کمیٹی دفاعی پیداوار کا سینیٹر عبدالقیوم ملک کی زیر صدارت اجلاس ہوا،جس میں سیکرٹری دفاعی پیداوار کی طرف سے کمیٹی کو گوادر شپ یارڈ پر بریفنگ دی گئی۔کمیٹی نے گوادر شپ یارڈ پر کام روکے جانے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ کمیٹی نے شپ یارڈ کا منصوبہ جلد مکمل کرنے کی سفارش کی۔کمیٹی نے منصو بے میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کے لئے بلوچستان حکومت کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا۔ آئندہ اجلاس میں چیف سیکرٹری اور چیئرمین گوادر پورٹ اتھارٹی طلب کرتے ہوئے کہاکہ دفاعی پیداوار سے متعلق 580 آڈٹ پیراز التواء کا شکار،معاملہ پی اے سی میں اٹھایا جائیگا۔سینیٹر مشاہد سید نے کمیٹی کو ایک بار پھر گوادر کا دورہ کرانے کی تجویز دیدی۔ حکام وزارت دفاعی پیداوار نے کہابلوچستان حکومت نے ابھی تک مفاہمت کی یادداشت کی منظوری نہیں دی۔ حکام نے بتایاکہ وزارت دفاعی پیداوار کو ایک سو سترہ ایکڑ زمین کی منتقلی کا عمل شروع ہی نہیں کیا گیا، بلو چستان کی حکومت فوری زمین خرید کر وزارت دفاعی پیداوار کے حوالے کرے، چیف سیکرٹری بلوچستان کی سربراہی میں ابھی تک کوآ ر ڈی نیشن سیل قائم نہیں کیا گیا۔ چیئر مین کمیٹی نے کہا گوادر شپ یارڈ کے حوالے سے قائمہ کمیٹی دفاعی پیداوار کا خصوصی اجلاس بلایا جائیگا۔ چیئر مین کمیٹی نے کہاکہ چیف سیکرٹری بلوچستان ساری صورتحال پر قائمہ کمیٹی کو بریفنگ دیں، بلوچستان کے بورڈ آف ریونیو کے سینئر ممبر بھی کمیٹی کے اگلے اجلاس میں شریک ہوں۔ چیئر مین کمیٹی نے کہاکہ سیکرٹری وزارت دفاعی پیداوار وفاقی وزیر زبیدہ جلال سے پو چھ کر بتائیں کہ ان کی اس معاملہ پر وزیراعلی بلوچستان سے کیا بات ہوئی ہے،مشاہد سید نے کہاکہ قائمہ کمیٹی دفاعی پیداوار کا اجلاس گوادر میں منعقد کیا جائے۔
قائمہ کمیٹی دفاعی پیداوار