"چین کی 40 فیصد آبادی کورونا سے متاثر ہوچکی ہے" ہانگ کانگ کے میڈیا کا تہلکہ خیز دعویٰ
بیجنگ (ڈیلی پاکستان آن لائن) طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ گزشتہ ماہ تک چین کی تقریباً 40 فیصد آبادی کورونا سے متاثر ہوچکی تھی۔ ہانگ کانگ سے تعلق رکھنے والی نیوز آؤٹ لیٹ ایشیا ٹائمز کے مطابق چینی وبائی امراض کے ماہر زینگ گوانگ نے کہا کہ زیادہ تر چینی شہروں نے اطلاع دی ہے کہ ان کے 50 فیصد لوگ کورونا میں مبتلا ہیں، اس سے یہ اندازہ لگانا بالکل ٹھیک ہوگا کہ چین کی لگ بھگ 40 فیصد آبادی اس سے متاثر ہو سکتی ہے۔زینگ گوانگ جو چائنیز سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن (سی ڈی سی) کے سابق چیف سائنسدان اور ڈاکٹریٹ سپروائزر ہیں، نے کہا کہ چین میں وائرس کی منتقلی کی رفتار توقع سے زیادہ تیز تھی۔
چینی وبائی امراض کے ماہر اور چینی نیشنل ہیلتھ کمیشن کی کوویڈ رسپانس ایکسپرٹ ٹیم کے سابق سربراہ لیانگ وانیان کے مطابق موجودہ وبائی مرض کی شرح اموات کا حساب لگانا بہت مشکل ہے۔ چینی وبائی امراض کے ماہر نے کہا کہ اس وبا کے خاتمے کے بعد ہی درست اعداد و شمار دستیاب ہوں گے۔
چینی سی ڈی سی کی اندرونی دستاویز کے مطابق، یکم سے 20 دسمبر کے درمیان 248 ملین افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے۔ اب تک عالمی سطح پر کووِڈ انفیکشنز کی کل تعداد 665 ملین تک پہنچ چکی ہے جبکہ 6.69 ملین افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔